“سیدنا عمر رضی اللہ عنہ اور ریاست کے اختیارات”
امام طبرانی نے المعجم الأوسط (روایت ۶۹۷۰) میں نقل کیا ہے کہ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کے زمانے میں کوفہ کے بعض قراء معاشرے میں پھیلنے والے منکرات کی شکایت لے کر آپ کے پاس حاضر ہوئے۔
سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے عبداللہ بن عمرو سے پوچھا کہ کیا تم اپنے کان اور آنکھ کے معاملے میں اللہ تعالیٰ کے تمام احکام کی پوری پابندی کرتے ہو؟ اُنھوں نے نفی میں جواب دیا تو آپ نے فرمایا: پھر میں پوری امتِ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو اُن احکام کا پابند کیسے بنا سکتا ہوں جن کی مکمل پابندی تم خود اپنے کان اور آنکھ کے معاملے میں نہیں کر سکتے؟
اِس کے بعد آپ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد نقل کیا کہ جب لوگ ایمان کا اقرار کر لیں، نماز قائم کریں اور زکوٰۃ ادا کریں تو اُن کی جانیں اور اموال محفوظ ہو جاتے ہیں، الاّ یہ کہ کوئی حق اُن کے خلاف اقدام کا تقاضا کرے۔ باقی اُن کا حساب اللہ کے ذمے ہے۔
سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کے اِس استدلال میں ریاست کے دائرۂ اختیار سے متعلق ایک نہایت اہم اصول کی طرف توجہ دلائی گئی ہے۔
استاذِ گرامی جناب جاوید احمد غامدی نے اپنی کتاب مقامات کے مضمون ’’قانون کی بنیاد‘‘ میں اِسی اصول کو تفصیل سے واضح کیا ہے۔ اُن کے نزدیک ریاست کے حقِ قانون سازی کی بنیاد لوگوں کے حقوق کی حفاظت، حق تلفی اور زیادتی کی روک تھام اور اِس کے مرتکبین کی تادیب ہے۔ دین کے ہر انفرادی حکم کی پابندی قانون کی طاقت سے کرانا نہ ریاست کی ذمہ داری ہے اور نہ خدا نے اُسے اِس کا اختیار دیا ہے۔ دین کے ایجابی احکام میں سے صرف نماز اور زکوٰۃ کا مطالبہ مسلمانوں کا نظمِ اجتماعی کر سکتا ہے۔ اِن کے علاوہ دوسرے انفرادی دینی احکام کی پابندی یا خلاف ورزی کے معاملے میں انسان اپنے پروردگار ہی کے سامنے جواب دہ ہے۔ اس معاملے میں ہر فرد کو اپنے دائرہ اختیار میں تلقین و نصیحت ہی کرنی چاہیے۔
سیدنا عمر رضی اللہ عنہ سے منقول اِس واقعے میں ہمیں اُسی اصول کی ایک قابلِ توجہ نظیر ملتی ہے جسے غامدی صاحب نے ریاست کے اختیارات اور قانون کی بنیاد کے حوالے سے واضح کیا ہے۔
حوالہ: طبرانی، المعجم الأوسط، روایت ۶۹۷۰؛
جاوید احمد غامدی، قانون کی بنیاد: