افتراقِ امت کی روایت
(محمد حسن الیاس)
حدیث کی کتابوں میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نسبت سے یہ روایت نقل ہوئی ہے کہ یہود و نصاریٰ کی طرح آپ کی امت بھی فرقوں میں بٹ جائے گی۔ اُن میں سے ایک کے لیے جنت کی بشارت ہے اور باقی سب کے لیے دوزخ کی وعید۔ ہمارے ہاں ہر مسلک اِس بشارت کو اپنے لیے خاص سمجھتا اور اِسی بنا پر وہ اپنے ساتھ وابستگی کو نجات کی ضمانت قرار دیتا ہے۔ یوں تفرقے سے خبردار کرنے والی روایت کو اپنی مسلکی برتری کی دلیل بنا لیتا ہے۔
لہٰذا یہ جاننا ضروری ہے کہ روایت کا اصل مدعا کیا ہے؟ یہ کس افتراق سے خبردار کرتی ہے اور نجات پانے والوں کی کیا پہچان بتاتی ہے؟ کیا اِس سے کسی خاص مسلک سے وابستگی کو نجات کی ضمانت قرار دیا جا سکتا ہے؟
عوف بن مالک رضی اللہ عنہ سے منقول روایت کے الفاظ یہ ہیں:
عَنْ عَوْفِ بْنِ مَالِكٍ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ ﷺ: افْتَرَقَتِ الْيَهُودُ عَلَى إِحْدَى وَسَبْعِينَ فِرْقَةً، فَوَاحِدَةٌ فِي الْجَنَّةِ، وَسَبْعُونَ فِي النَّارِ، وَافْتَرَقَتِ النَّصَارَى عَلَى ثِنْتَيْنِ وَسَبْعِينَ فِرْقَةً، فَإِحْدَى وَسَبْعُونَ فِي النَّارِ، وَوَاحِدَةٌ فِي الْجَنَّةِ، وَالَّذِي نَفْسُ مُحَمَّدٍ بِيَدِهِ لَتَفْتَرِقَنَّ أُمَّتِي عَلَى ثَلَاثٍ وَسَبْعِينَ فِرْقَةً، فَوَاحِدَةٌ فِي الْجَنَّةِ، وَثِنْتَانِ وَسَبْعُونَ فِي النَّارِ، قِيلَ: يَا رَسُولَ اللَّهِ، مَنْ هُمْ؟ قَالَ: الْجَمَاعَةُ. (ابن ماجہ، رقم 3992)
’’عوف بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: یہود اکہتر فرقوں میں بٹ گئے، اُن میں سے ایک جنت میں ہے اور ستر دوزخ میں۔ نصاریٰ بہتر فرقوں میں بٹے، اُن میں سے اکہتر دوزخ میں ہیں اور ایک جنت میں۔ اُس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں محمد کی جان ہے، میری امت تہتر فرقوں میں بٹ جائے گی، ایک جنت میں ہوگا اور بہتر دوزخ میں۔ پوچھا گیا: یا رسول اللہ، وہ کون ہیں؟ فرمایا: الجماعۃ۔‘‘
اِس روایت کا مفہوم سمجھنے کے لیے درج ذیل چار سوالوں پر غور کرنا ضروری ہے۔
۱۔ اہلِ کتاب کا افتراق کس نوعیت کا تھا اور اُس کی مثال دے کر اِس امت کو کس رویے سے خبردار کیا گیا ہے؟
۲۔ ’الجماعۃ‘ سے کیا مراد ہے اور اُس سے وابستگی کے کیا تقاضے ہیں؟
۳۔ ایک جماعت کے لیے جنت کی بشارت اور باقی کے لیے دوزخ کی وعید کا اطلاق گروہوں اور اُن کے افراد پر کیسے ہوگا؟
۴۔ کیا اکہتر، بہتر اور تہتر سے فرقوں کی معین تعداد مراد ہے یا اِن اعداد کے ذکر کا کوئی دوسرا مدعا ہے؟
اِن سوالوں کو اِسی ترتیب سے دیکھتے ہیں۔
1۔ اہلِ کتاب سے مشابہت اور افتراق کی نوعیت:
روایت میں اِس امت کے افتراق کو یہود و نصاریٰ کے افتراق کی نظیر بتایا گیا ہے۔ اِس لیے پہلے یہ دیکھنا چاہیے کہ قرآن اُن کے تفرقے کی کیا وجہ بیان کرتا ہے۔ قرآن مجید کا بیان ہے کہ وہ علم آ جانے کے بعد ’بَغْيًا بَيْنَهُمْ‘، یعنی باہمی زیادتی اور سرکشی کی بنا پر متفرق ہوئے (الشوریٰ 42: 14۔ آل عمران 3: 19)۔ گویا اُن کے افتراق کا سبب محض فہم کا اختلاف نہیں تھا۔ ہدایت سامنے آ چکی تھی، مگر باہمی ضد اور ایک دوسرے پر غلبے کی خواہش اُنھیں تقسیم کر رہی تھی۔
یہی وہ روش ہے جس سے قرآن نے مسلمانوں کو بھی خبردار کیا ہے۔ فرمایا ہے کہ اُن لوگوں کی طرح نہ ہو جانا جو واضح نشانیاں آ جانے کے بعد متفرق ہوئے اور اختلاف میں پڑ گئے۔ اُن کے لیے بڑا عذاب ہے (آل عمران 3: 105)۔
اِس افتراق کی مزید وضاحت اسی مضمون کی روایت میں ہے جو معاویہ رضی اللہ عنہ سے منقول ہے۔ اُنھوں نے حج کے موقع پر مکہ میں لوگوں کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد سنایا:
إِنَّ أَهْلَ الْكِتَابَيْنِ افْتَرَقُوا فِي دِينِهِمْ عَلَى ثِنْتَيْنِ وَسَبْعِينَ مِلَّةً، وَإِنَّ هَذِهِ الْأُمَّةَ سَتَفْتَرِقُ عَلَى ثَلَاثٍ وَسَبْعِينَ مِلَّةً ـ يَعْنِي: الْأَهْوَاءَ ـ كُلُّهَا فِي النَّارِ إِلَّا وَاحِدَةً، وَهِيَ الْجَمَاعَةُ، وَإِنَّهُ سَيَخْرُجُ فِي أُمَّتِي أَقْوَامٌ تَجَارَى بِهِمْ تِلْكَ الْأَهْوَاءُ كَمَا يَتَجَارَى الْكَلَبُ بِصَاحِبِهِ، لَا يَبْقَى مِنْهُ عِرْقٌ وَلَا مَفْصِلٌ إِلَّا دَخَلَهُ. (مسند احمد، رقم 16937)
’’دونوں کتابوں کے ماننے والے اپنے دین میں بہتر گروہوں میں بٹ گئے، اور یہ امت تہتر گروہوں میں بٹ جائے گی، یعنی خواہشات کے زیرِ اثر بننے والے گروہوں میں۔ ایک کے سوا یہ سب دوزخ میں ہوں گے، اور وہ ایک ’الجماعۃ‘ ہے۔ اور میری امت میں ایسے لوگ نکلیں گے جن میں یہ خواہشیں اُس طرح سرایت کر جائیں گی جس طرح باؤلے کتے کے کاٹے کی بیماری آدمی میں سرایت کرتی ہے۔ اُس کی کوئی رگ اور کوئی جوڑ اُس سے محفوظ نہیں رہتا، وہ ہر جگہ داخل ہو جاتی ہے۔‘‘
اِس روایت میں پہلے ’فِي دِينِهِمْ‘ کے الفاظ سے واضح کیا گیا ہے کہ اہلِ کتاب کا افتراق خود دین میں ہوا تھا۔ پھر اِس امت کے افتراق کا ذکر کر کے ’اہواء‘ کے غلبے سے خبردار کیا گیا ہے۔ ’اہواء‘ خواہشات کو کہتے ہیں۔ یہاں مراد وہ خواہشات ہیں جن کے زیرِ اثر آدمی دین کی ہدایت کو اپنے موقف یا گروہ کے تابع کرنے لگتا ہے۔ چنانچہ بیماری کی تشبیہ اِن خواہشات کے غلبے کو نمایاں کرتی ہے۔ آدمی اپنے موقف یا گروہ کے ساتھ ایسا بندھ جاتا ہے کہ دلیل کو بھی اُسی کی تائید کے لیے استعمال کرنے لگتا ہے۔ مخالف کی صحیح بات قبول کرنا دشوار ہو جاتا ہے اور اختلاف باہمی عداوت اور حق تلفی کی صورت اختیار کر لیتا ہے۔ قرآن کا لفظ ’بغی‘ اور روایت کا لفظ ’اہواء‘ اِسی خرابی کے دو پہلو واضح کرتے ہیں۔
یہاں علمی اختلاف زیر بحث نہیں۔ دین کو سمجھنے میں اختلاف کے دوسرے اسباب بھی ہو سکتے ہیں۔ ایک روایت کسی عالم تک پہنچتی ہے اور دوسرے تک نہیں پہنچتی یا کسی لفظ اور سیاق سے دونوں مختلف بات سمجھتے ہیں۔ ایسے اختلاف کو محض اختلاف ہونے کی بنا پر بغی اور اتباعِ اہواء قرار نہیں دیا جا سکتا۔
چنانچہ کسی فقہی یا کلامی مکتب سے وابستگی یا علمی و دعوتی ادارے کا قیام بہ ذاتِ خود اِس وعید کا مصداق نہیں۔ خرابی اُس وقت پیدا ہوتی ہے جب گروہی وفاداری دین کی ہدایت پر مقدم ہو جائے اور اختلاف مسلمانوں کے باہمی تعلق اور حقوق کو پامال کرنے کی بنیاد بن جائے۔ کسی عقیدے کی غلطی واضح کرنا اور اُس کے دلائل پر تنقید کرنا اور اِسی طرح کسی کا ہم سے اختلاف اُس کے خواہش پرست ہونے کی دلیل نہیں ہے۔ اُس کے موقف اور رویے کا جائزہ دلائل کی روشنی میں لیا جائے گا۔ اور اختلاف بھی کیا جائے گا۔ یہ افتراق نہیں۔
اِسی مذموم افتراق سے بچنے والوں کی پہچان روایت میں ’الجماعۃ‘ کے لفظ سے کرائی گئی ہے۔ اب اِس کا مفہوم دیکھتے ہیں۔
2۔ ’الجماعۃ‘ کا مفہوم:
’جماعت‘ عربی کے مادے ’جمع‘ سے ہے، جس میں الگ چیزوں کو یکجا کرنے کا مفہوم پایا جاتا ہے۔ اِسی مناسبت سے یہ لفظ جمع ہونے والے لوگوں کے لیے بولا جاتا ہے۔ ’ال‘ کے ساتھ یہ معرفہ ہے، لیکن اِس سے کون سا اجتماع مراد ہے، اِس کا تعین لفظ کے استعمال اور موقع و محل اور سیاقِ کلام سے ہوگا۔
اِس تعیین کے لیے ابن عباس رضی اللہ عنہ کی روایت کو دیکھیے۔ صحیح بخاری میں یہ ایک جگہ ’مَنْ خَرَجَ مِنَ السُّلْطَانِ شِبْرًا‘ اور دوسری جگہ ’مَنْ فَارَقَ الْجَمَاعَةَ شِبْرًا‘ کے الفاظ میں نقل ہوئی ہے (رقم 7053، 7054)۔ دونوں جگہ حکمران کے کسی ناپسندیدہ معاملے پر صبر کی ہدایت کے بعد ایک ہی وعید آئی ہے۔ اِس یکساں سیاق میں حکمران کی اطاعت سے نکلنے اور جماعت سے الگ ہونے کا ذکر بتاتا ہے کہ یہاں جماعت سے مسلمانوں کا قائم نظمِ اجتماعی مراد ہے۔
حذیفہ رضی اللہ عنہ کی روایت اِسے مزید واضح کرتی ہے۔ جہنم کی طرف بلانے والوں کے فتنے میں اُنھیں ہدایت کی گئی: ’تَلْزَمُ جَمَاعَةَ الْمُسْلِمِينَ وَإِمَامَهُمْ‘، مسلمانوں کی جماعت اور اُن کے امام سے وابستہ رہو۔ اُنھوں نے پوچھا کہ جماعت اور امام نہ ہوں تو کیا کریں؟ فرمایا: ’فَاعْتَزِلْ تِلْكَ الْفِرَقَ كُلَّهَا‘، پھر اُن سب فرقوں سے الگ رہو (بخاری، رقم 7084)۔ جماعت کے ساتھ اُس کے امام کا ذکر بتاتا ہے کہ مراد مسلمانوں کا وہ اجتماع ہے جو ایک قیادت کے تحت منظم ہو۔ اِس کے مقابل میں جن فرقوں سے الگ رہنے کا حکم ہے، وہ گفتگو میں مذکور فتنہ انگیز گروہ ہیں۔
اِن دونوں روایتوں میں ’الجماعۃ‘ مسلمانوں کے منظم اجتماعی وجود کے لیے استعمال ہوا ہے۔ ہمارے نزدیک افتراق کی روایت میں بھی اِسے اِسی معنی میں لینا زیادہ قرینِ قیاس ہے۔ کسی مکتبِ فکر کے ہم خیال لوگوں کا حلقہ محض اپنے فہمِ دین کو صحیح سمجھنے کی بنا پر اِس اجتماع کا قائم مقام نہیں ہو سکتا۔
نظمِ اجتماعی سے وابستگی مذموم دینی افتراق کے مقابل میں اِس لیے اہم ہے کہ گروہی عصبیت مسلمانوں کے باہمی تعلق کو مجروح کرتی ہے۔ اپنی جماعت سے وفاداری جب دین سے وفاداری کا معیار بن جائے تو اُس سے اختلاف رکھنے والے مسلمان بھی بیگانہ سمجھے جانے لگتے ہیں۔ جماعت کا التزام اِسی مشترک تعلق اور اُس پر قائم نظم کی حفاظت کا تقاضا کرتا ہے۔
تاہم اِس اجتماع کی بنیاد خود دین کی ہدایت ہے۔ قرآن نے فرمایا ہے: ’وَاعْتَصِمُوا بِحَبْلِ اللّٰهِ جَمِيعًا‘، سب مل کر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رہو (آل عمران 3: 103)۔ اِس میں اللہ کی ہدایت کی پابندی اور اُسے مل کر تھامنے کا حکم ساتھ ساتھ دیا گیا ہے۔ لہٰذا محض سیاسی وابستگی دین کی پابندی کا بدل نہیں اور دینی خدمت کا دعویٰ اجتماع کو توڑنے کا جواز نہیں بن سکتا۔
عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ سے منقول روایت میں ’مَا أَنَا عَلَيْهِ وَأَصْحَابِي‘، یعنی وہ طریقہ جس پر میں اور میرے صحابہ ہیں، کے الفاظ آئے ہیں (ترمذی، رقم 2641)۔ اِن الفاظ میں دین کی پیروی کا یہی پہلو نمایاں ہے۔ اِس پیروی کا دعویٰ کسی مسلک کے نام سے ثابت نہیں ہوگا، بلکہ اُس کے عقیدے، عمل اور استدلال کو دین کے مآخذ کی روشنی میں پرکھنا ہوگا۔
دین کی ہدایت کے تحت جماعت سے وابستگی کا مطلب یہ بھی ہے کہ حکمران کی اطاعت غیر مشروط نہیں۔ قرآن نے اولی الامر کی اطاعت کے ساتھ نزاع میں اللہ اور رسول کی طرف رجوع کی ہدایت دی ہے (النساء 4: 59)، اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: ’إِنَّمَا الطَّاعَةُ فِي الْمَعْرُوفِ‘، اطاعت صرف بھلائی کے کاموں میں ہے (مسلم، رقم 1840)۔ چنانچہ علمی تنقید، اصلاح کی دعوت اور پُرامن سیاسی اختلاف کو محض اختلاف ہونے کی بنا پر افتراق قرار نہیں دیا جا سکتا۔
اِس وابستگی میں نظم کی حفاظت کے ساتھ اُس کی اصلاح کی ذمہ داری بھی شامل ہے۔ قرآن نے اعتصام بحبل اللہ اور تفرقے سے اجتناب کی ہدایت کے ساتھ خیر کی دعوت اور امر بالمعروف و نہی عن المنکر کا اہتمام بھی لازم کیا ہے (آل عمران 3: 103–105)۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اِس وابستگی اور اِس سے انحراف پر بشارت و وعید کا اطلاق کس طرح ہوگا۔
3۔ بشارت و وعید کا مفہوم اور اطلاق:
روایت میں جنت اور دوزخ کا ذکر اُن اصولوں کے تحت سمجھنا ہوگا جو قرآن مجید نے جزا و سزا کے بارے میں بیان کیے ہیں۔ اُس نے یہود و نصاریٰ کا یہ دعویٰ رد کیا ہے کہ جنت میں صرف اُنھی سے وابستہ لوگ جائیں گے۔ اِسے اُن کی آرزو قرار دے کر نجات کا معیار یہ بتایا ہے کہ جو اپنے آپ کو اللہ کے سپرد کرے اور نیکوکار ہو، اُس کا اجر اُس کے رب کے پاس ہے (البقرہ 2: 111–112)۔ سورۂ نساء میں مسلمانوں اور اہلِ کتاب، دونوں کی آرزوؤں کی نفی کر کے بھی ایمان اور عمل ہی کو جزا و سزا کی بنیاد قرار دیا ہے (4: 123–125)۔
اِس معیار میں صحیح عقیدے اور اتباعِ رسول کی پابندی بھی شامل ہے، اِس لیے کہ خدا کے سامنے سپردگی اُس کی ہدایت کو ماننے ہی سے ظاہر ہوتی ہے۔ البتہ کسی جماعت کا نام یا اُس سے موروثی تعلق ایمان و عمل کی جگہ نہیں لے سکتا۔ لہٰذا کسی مسلک کے عقیدے اور طریقے کو درست قرار دینا اور اُس سے وابستہ ہر شخص کو نجات یافتہ سمجھنا دو الگ باتیں ہیں۔
اِسی بنا پر روایت میں ’’ایک جنت میں ہوگا‘‘ کا تعلق اُس وصف سے سمجھنا چاہیے جس کی یہاں تحسین ہوئی ہے، یعنی مذموم افتراق سے بچنا اور جماعت سے وابستہ رہنا۔ اِس بشارت سے یہ لازم نہیں آتا کہ اُس جماعت سے منسوب ہر شخص اپنے باقی اعمال سے قطعِ نظر بخش دیا جائے گا۔
یہی فرق وعید میں بھی ملحوظ ہوگا۔ کسی عقیدے یا رویے پر عمومی حکم لگانا، کسی معین شخص کو اُس کا ذمہ دار ٹھیرانا اور اُس کے اخروی انجام کا فیصلہ کرنا الگ الگ باتیں ہیں۔ ایک گروہی نسبت اِن سب کا فیصلہ نہیں کر دیتی۔ قرآن کا اصول ہے کہ کوئی کسی دوسرے کا بوجھ نہیں اٹھائے گا اور انسان کے لیے وہی ہے جس کی اُس نے سعی کی ہے (النجم 53: 38–39)۔
ایک شخص کسی مسلکی ماحول میں پیدا ہو کر اپنی استطاعت کے مطابق حق جاننے اور اُس پر چلنے کی کوشش کرتا ہے۔ دوسرا حقیقت واضح ہونے کے باوجود ضد یا مفاد کی خاطر اُس سے منہ موڑ لیتا ہے۔ محض ایک نسبت کی بنا پر دونوں کو یکساں قرار نہیں دیا جا سکتا۔ اُن کی ذمہ داری اُن کے اپنے علم، نیت اور عمل کے لحاظ سے ہوگی، اور اِن کی پوری حقیقت اللہ تعالیٰ ہی جانتا ہے۔
پھر دوزخ کی وعید سے یہ بھی لازم نہیں آتا کہ اُس میں ہمیشہ رہنا ہوگا۔ قرآن نے باہم لڑنے والے دو گروہوں کو، اُن میں سے ایک کی زیادتی کے باوجود، مومنین کہا ہے (الحجرات 49: 9–10)۔ اِس روایت میں بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ’أُمَّتِي‘ کہہ کر اِن گروہوں کو اپنی امت ہی میں شمار کیا ہے۔ چنانچہ یہ وعید افتراق کے سنگین گناہ ہونے کو واضح کرتی ہے، اِس سے دوزخ میں ہمیشہ رہنے کا فیصلہ اخذ نہیں کیا جا سکتا۔
اِسی طرح اِس وعید کو اللہ کی مغفرت کے اصول سے الگ کر کے بھی نہیں پڑھا جا سکتا۔ قرآن نے شرک کے سوا باقی گناہوں کے لیے اللہ کی مشیت کے تحت مغفرت کی گنجایش بیان کی ہے (النساء 4: 48)۔ وعید گناہ کی سنگینی اور سزا کے استحقاق کو ظاہر کرتی ہے، مگر کسی معین شخص پر سزا کا نفاذ ہر حال میں لازم نہیں کر دیتی۔ اُس کا آخری فیصلہ اللہ تعالیٰ کے علم و عدل اور اُس کی مشیت کے مطابق ہوگا۔
4۔ عدد کی تعیین:
روایت میں اکہتر، بہتر اور تہتر کے اعداد آئے ہیں۔ اِن کی تعبیر میں تین امکانات پیشِ نظر رکھے جا سکتے ہیں۔
پہلا یہ کہ یہ اعداد اپنے حقیقی معنی میں ہیں اور اِن سے فرقوں کی معین تعداد بتانا مقصود ہے۔ الفاظ کو اُن کے ظاہر پر رکھا جائے تو یہی مفہوم سامنے آتا ہے۔
دوسرا یہ کہ عدد سے کثرت مراد ہے۔ عربی میں اِس کا استعمال موجود ہے، جیسے ستر مرتبہ استغفار کے ذکر کو کثرت کی تعبیر سمجھا گیا ہے (الکشاف 2/ 295)۔ تاہم ستر کے ایسے استعمال سے اکہتر، بہتر اور تہتر کی اِس خاص ترتیب کا مجازی ہونا خودبہ خود ثابت نہیں ہوتا۔
تیسرا یہ کہ یہاں اعداد تقابل اور تنبیہ کے ایک تمثیلی اسلوب میں آئے ہیں۔ مقصود امت کو یہ بتانا ہے کہ وہ پہلی امتوں کی طرح تفرقے میں مبتلا ہوگی، بلکہ اِس معاملے میں اُن سے بھی آگے بڑھ جائے گی۔ اِس تعبیر میں اصل مقصود فرقوں کی گنتی پر نہیں، پچھلی امتوں کی روش اختیار کرنے کے خطرے پر ہے۔
پہلی تعبیر کے ساتھ تاریخی انطباق کا سوال بھی پیدا ہوتا ہے۔ اِن فرقوں کی نشان دہی کی جائے تو واضح کرنا ہوگا کہ کس اختلاف سے الگ فرقہ وجود میں آتا ہے، کون سا گروہ کسی فرقے کی شاخ ہے اور شمار کس زمانے تک کا ہے۔ اِن کے بغیر معین تعداد کا تاریخی مصداق دکھانا بہ ظاہر مشکل ہے۔ محض چند گروہوں کو اصل اور باقی کو اُن کی شاخیں قرار دے کر گنتی پوری کرنا کافی نہیں، بلکہ اِس تقسیم کی بنیاد بھی واضح کرنی ہوگی۔ یہ مشکل معین عدد کی تعبیر کو قطعی طور پر باطل نہیں کرتی، البتہ اُس کے تاریخی انطباق کا دعویٰ الگ سے مستقل دلائل چاہتا ہے۔
ہمارے نزدیک روایت کے مجموعی اسلوب میں تیسری تعبیر زیادہ قرینِ قیاس ہے۔ گفتگو اہلِ کتاب کے افتراق کو اِس امت کے لیے نظیر بنانے سے شروع ہوئی ہے اور اعداد بھی اِسی تقابل میں بڑھتے چلے گئے ہیں۔ یہ ایسا ہی اسلوب ہے جیسے کسی کو متنبہ کیا جائے کہ دوسرا ایک غلطی کرتا ہے تو تم دو کر گزرتے ہو۔ یہاں ایک اور دو کا ذکر مخاطب کے بڑھ جانے کو نمایاں کرتا ہے؛ ضروری نہیں کہ غلطیوں کی گنتی بیان کرنا مقصود ہو۔
بعض طرق کا فرق بھی اِس پہلو سے قابلِ توجہ ہے۔ عوف رضی اللہ عنہ کی روایت میں اِس امت کے تہتر فرقے ہیں، جب کہ انس رضی اللہ عنہ کی روایت میں بنی اسرائیل کے اکہتر اور اِس امت کے بہتر فرقے بیان ہوئے ہیں (ابن ماجہ، رقم 3992، 3993)۔ عدد مختلف ہے، مگر زیادہ افتراق کا تقابل دونوں میں قائم ہے۔ یہ تمثیلی تعبیر کی تائید میں ایک قرینہ ہے۔
اِس ترجیح کے مطابق تاریخ میں تہتر فرقوں کے نام تلاش کرنا روایت کا منشا نہیں۔ عدد کو معین مان لیا جائے تب بھی کسی موجودہ مسلک پر اُس کے اطلاق کے لیے افتراق اور جماعت کے وہی اوصاف دیکھنے ہوں گے جو اوپر واضح ہوئے ہیں۔ پھر گروہوں کی تعداد اُن میں شامل افراد کا تناسب بھی نہیں بتاتی کہ اِسے مسلمانوں کی اکثریت کے اخروی انجام کا بیان قرار دے دیا جائے۔
خلاصہ
ہمارے نزدیک روایت میں ’الجماعۃ‘ سے مراد مسلمانوں کا قائم نظمِ اجتماعی ہے۔ اُس سے وابستگی کا تقاضا یہ ہے کہ اختلاف کے باوجود اُس کے ساتھ قائم رہا جائے۔ دین کو گروہی خواہشات کے تابع کرنا، مسلمانوں کے باہمی تعلق کو توڑنا اور اِس بنیاد پر اُن کے نظم سے بغاوت کر کے الگ واجب الاطاعت اقتدار قائم کر لینا اِسی مذموم افتراق کی صورتیں ہیں۔ علمی اختلاف، تنقید اور پُرامن اصلاحی جدوجہد اِس سے الگ چیزیں ہیں۔
اِس تنبیہ کی روشنی میں اپنے ہاں کے گروہی رویوں کو بھی پرکھنا چاہیے۔ جب کوئی گروہ توہین کے الزامات یا تکفیر کو بنیاد بنا کر لوگوں کے خلاف خود کارروائی کرے، سزا کا اختیار اپنے ہاتھ میں لے یا تشدد کے ذریعے سے ریاست پر اپنے فیصلے مسلط کرے تو وہ عملاً نظمِ اجتماعی کے مقابل میں اپنا اقتدار قائم کرتا ہے۔ دین کی خدمت کا دعویٰ کسی گروہ کو قانون اور عدالت کا قائم مقام نہیں بنا دیتا۔
چنانچہ اِس روایت کو اپنے مسلک کی نجات کی سند بنانے سے پہلے ہمیں دیکھنا چاہیے کہ ہماری گروہی وفاداری دین کی ہدایت، انصاف اور مسلمانوں کے نظمِ اجتماعی پر غالب تو نہیں آ گئی۔ قرآن نے دین کو تقسیم کرنے والوں کی یہی علامت بتائی ہے: ’كُلُّ حِزْبٍ بِمَا لَدَيْهِمْ فَرِحُونَ‘، ہر گروہ اُسی پر نازاں ہے جو اُس کے پاس ہے (الروم 30: 32)۔
واللہ اعلم۔