قیامت، پیغمبر اور اتمامِ حجت
سوال: قیامت کے روز ہر امت پر اس کے پیغمبر کی گواہی پر گرفت ہوگی، مگر جس کے پاس پیغمبر نہیں آیا، اس پر کس طرح اتمامِ حجت ہوگا؟
جواب: اللہ تعالیٰ نے اصول مقرر کر دیا ہے کہ حجت کے بغیر اور پیغام پہنچانے کے بغیر سزا نہ دی جائے گی، مگر اس کا فیصلہ خود اللہ تعالیٰ فرمائے گا کہ ایک آدمی پر حجت تمام ہوئی یا نہیں، ہم اور آپ نہیں کر سکتے۔ بہرحال اللہ تعالیٰ کسی پر ظلم نہیں کرے گا۔ ہمیں اس نے یہ بتا دیا ہے کہ جس کو پیغام پہنچ گیا، اس کی ذمہ داری ہے۔ جس کو پیغام نہیں پہنچا، اس کا فیصلہ اللہ تعالیٰ خود فرمائے گا۔
بعض لوگ چاہتے ہیں کہ وہ خود فیصلہ کریں کس کو پیغام پہنچا اور کس کو نہیں پہنچا، حالانکہ ان کا علم بالکل محدود ہے اور وہ فیصلہ کرنے کا حق بھی نہیں رکھتے۔
حوالہ: سید ابوالاعلیٰ مودودی، استفسارات، جلد اول، صفحہ ۷۷۔