Skip to content Skip to footer

طلاق کا اعلان اور طلاق کا نفاذ

“طلاق کا اعلان اور طلاق کا نفاذ”
(ایک بنیادی غلط فہمی)

محمد حسن الیاس
15 نومبر 2026ء

مسلم معاشروں میں طلاق کے بارے میں ایک بڑی غلط فہمی پائی جاتی ہے۔ عام طور پر یہ سمجھ لیا جاتا ہے کہ شوہر نے زبان سے طلاق کے الفاظ ادا کر دیے تو اسی لمحے نکاح کا رشتہ ختم ہو گیا۔ گویا اس کے بعد نہ کسی قانونی کارروائی کی ضرورت باقی رہی، نہ ریاست کے مقرر کردہ طریقے کی کوئی اہمیت۔ یہی تصور غیر مسلم ممالک میں رہنے والے بہت سے مسلمانوں کے ہاں بھی موجود ہے۔

اس غلط فہمی کی بنیاد یہ ہے کہ طلاق کے اعلان ہی کو اس کا نفاذ سمجھ لیا گیا ہے، حالاں کہ دونوں میں ایک بنیادی فرق ہے۔ طلاق کے الفاظ جب پورے شعور اور ارادے سے ادا کیے جائیں تو وہ نکاح ختم کرنے کے فیصلے کا اعلان ہوتے ہیں، خود اس فیصلے کی تکمیل نہیں۔ اس اعلان کے بعد شریعت کے مقرر کردہ احکام اور ریاست کے قانونی ضوابط کی پابندی ضروری ہے۔ چنانچہ ہمارے نزدیک جہاں ریاست نے طلاق کے نفاذ کا باقاعدہ طریقہ مقرر کر دیا ہے، وہاں اس کی تکمیل سے پہلے نہ نکاح کو قانونی اعتبار سے ختم سمجھا جا سکتا ہے، نہ دینی اعتبار سے اس کے خاتمے کا عمل مکمل قرار دیا جا سکتا ہے۔

اس موقف کو سمجھنے کے لیے تین سوالات بنیادی اہمیت رکھتے ہیں: پہلا یہ کہ طلاق کا معتبر اعلان کسے کہا جائے گا؟ دوسرا یہ کہ نکاح و طلاق کے معاملے میں ریاست کو قانون سازی کا اختیار کہاں سے حاصل ہوتا ہے؟ اور تیسرا یہ کہ اس کے مقرر کردہ طریقے کی پابندی محض قانونی نہیں، بلکہ دینی ذمہ داری بھی کیوں ہے؟

۱۔ طلاق کا معتبر اعلان کسے کہا جائے گا؟

طلاق نکاح جیسے سنجیدہ معاہدے کو ختم کرنے کا فیصلہ ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ آدمی پورے شعور اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ اس کا اعلان کرے۔ یہ عقل کا واضح تقاضا ہے۔ قرآن مجید نے بھی طلاق کے معاملے میں عزم کی تعبیر اختیار کی ہے۔ ارشاد فرمایا:

وَاِنْ عَزَمُوا الطَّلَاقَ فَاِنَّ اللّٰهَ سَمِيْعٌ عَلِيْمٌ

یعنی اگر وہ طلاق کا پختہ فیصلہ کر لیں تو اللہ سننے والا، جاننے والا ہے۔ (البقرہ 2:227)

یہاں لفظِ عزم واضح کرتا ہے کہ طلاق کا فیصلہ سوچ سمجھ کر ہونا چاہیے۔ چنانچہ ہمارے نزدیک غصے اور اشتعال میں، جہاں کوئی مصمم ارادہ موجود نہ ہو، ادا کیے گئے الفاظ کو طلاق کے معتبر اعلان کی حیثیت نہیں دی جا سکتی۔

اسی شعوری اور ذمہ دارانہ فیصلے کو ایک باقاعدہ اور قابلِ تصدیق صورت دینے کے لیے ریاست اس کے اعلان کا قانونی طریقہ مقرر کرتی ہے، تاکہ معلوم ہو سکے کہ طلاق کا فیصلہ کس نے، کب اور کن حالات میں کیا ہے۔ چنانچہ جہاں ریاست نے یہ طریقہ مقرر کر دیا ہو، وہاں طلاق کا معتبر اعلان بھی اسی کے مطابق ہوگا۔ محض زبانی الفاظ اس کا متبادل نہیں بن سکتے۔

اب سوال یہ ہے کہ ریاست کو اس معاملے میں قانون سازی کا اختیار کیسے حاصل ہوا؟

۲۔ نکاح و طلاق کے معاملے میں ریاست کو قانون سازی کا اختیار کیوں حاصل ہے؟

قرآن مجید نے نکاح کو ایک مضبوط عہد و پیمان، مِّيْثَاقًا غَلِيْظًا (النساء 4:21)، قرار دیا ہے۔ یہ دو افراد کے درمیان قائم ہونے والا معاہدہ ہے، لیکن اس سے پیدا ہونے والے حقوق و فرائض صرف انھی تک محدود نہیں رہتے۔ مہر، نان و نفقہ، وراثت، اولاد کی نسبت اور کفالت جیسے معاملات اسی رشتے کی بنیاد پر طے پاتے ہیں۔

ان حقوق کے بارے میں کوئی نزاع پیدا ہو جائے تو فیصلہ ریاست کو کرنا ہوتا ہے۔ شوہر نان و نفقہ دینے سے انکار کر دے، وراثت کا حق متنازع ہو جائے یا کسی بچے کی نسبت پر اختلاف پیدا ہو تو متعلقہ فریق ریاست سے انصاف کا مطالبہ کرے گا۔ ظاہر ہے کہ اس مطالبے پر فیصلہ کرنے سے پہلے ریاست کو یہ اطمینان کرنا ہوگا کہ زوجیت کا وہ رشتہ، جس کی بنیاد پر حقوق طلب کیے جا رہے ہیں، حقیقت میں قائم بھی ہوا تھا یا نہیں۔

یہی وہ ضرورت ہے جس سے نکاح کی رجسٹریشن اور تصدیق کا قانونی نظام وجود میں آتا ہے۔ ریاست فریقین کی شناخت، نکاح کے انعقاد اور معاہدے کی شرائط کا ریکارڈ محفوظ کرتی ہے، تاکہ حقوق کا فیصلہ معتبر ثبوت کی بنیاد پر ہو اور انکار، جعل سازی یا دھوکا دہی کی گنجایش باقی نہ رہے۔

یہی ضرورت نکاح کے خاتمے کے معاملے میں بھی پیدا ہوتی ہے، بلکہ یہاں اس کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ اس لیے کہ نکاح کے قیام سے حقوق پیدا ہوتے ہیں، جبکہ اس کے خاتمے سے پہلے سے قائم بہت سے حقوق ختم یا تبدیل ہو جاتے ہیں۔

فرض کیجیے، شوہر دعویٰ کرتا ہے کہ اس نے چھ ماہ پہلے اپنی بیوی کو طلاق دے دی تھی، لیکن عورت اس سے انکار کرتی ہے۔ اب اس مدت کے نان و نفقہ، وراثت اور دوسرے ازدواجی حقوق کا فیصلہ کس بنیاد پر ہوگا؟ اسی طرح رجوع کا دعویٰ کیا جائے تو اس کی حقیقت کیسے متعین ہوگی؟

چنانچہ جس ریاست کی ذمہ داری زوجیت کی بنیاد پر حقوق نافذ کرنا ہے، اسے یہ اختیار بھی حاصل ہونا چاہیے کہ وہ اس رشتے کے خاتمے کا طریقہ متعین کرے۔ اسی بنا پر وہ طلاق کے اعلان، متعلقہ فریق کو اطلاع، مصالحت، رجوع اور نفاذ کا ایسا قانونی ضابطہ مقرر کر سکتی ہے جس میں ہر مرحلہ قابلِ تصدیق ہو۔

اس اختیار کی بنیادی علت حقوق کا تحفظ اور حق تلفی کی روک تھام ہے۔ قرآن مجید نے فرمایا ہے:

وَلَا تُمْسِكُوْهُنَّ ضِرَارًا لِّتَعْتَدُوْا

یعنی انھیں نقصان پہنچانے اور زیادتی کرنے کے لیے روکے نہ رکھو۔ (البقرہ 2:231)

اس ہدایت کا تقاضا ہے کہ طلاق اور رجوع کے اختیارات دوسرے فریق کی حق تلفی کا ذریعہ نہ بنیں۔ ریاست اسی مقصد سے نہ صرف طلاق کا ریکارڈ محفوظ کر سکتی ہے، بلکہ اس کے لیے معیاری طلاق نامہ مقرر کرنے، اس کی پابندی لازم قرار دینے، خلاف ورزی پر مواخذہ کرنے اور متنازع معاملات میں تحقیق کے بعد فیصلہ کرنے کا اختیار بھی رکھتی ہے۔

اس طرح طلاق دینے کا اختیار فرد ہی کے پاس رہتا ہے، لیکن اس کے معتبر اعلان اور قانونی نفاذ کا طریقہ ریاست متعین کرتی ہے، تاکہ کسی ایک شخص کا فیصلہ دوسرے کے حقوق پامال کرنے کا ذریعہ نہ بن جائے۔

اب سوال یہ ہے کہ ریاست کو قانون سازی کا یہ اختیار حاصل ہو تو کیا اس کے مقرر کردہ طریقے کی پابندی محض شہری ذمہ داری ہوگی، یا دین بھی اس کا تقاضا کرے گا؟

۳۔ ریاست کے مقرر کردہ طریقے کی پابندی دینی اعتبار سے کیوں ضروری ہے؟

قرآن مجید نے طلاق کے معاملے میں معروف کی پابندی کا حکم دیا ہے۔ ارشاد فرمایا:

فَاَمْسِكُوْهُنَّ بِمَعْرُوْفٍ اَوْ فَارِقُوْهُنَّ بِمَعْرُوْفٍ

یعنی انھیں معروف کے مطابق روکے رکھو یا معروف کے مطابق الگ کر دو۔ (الطلاق 65:2)

معروف سے مراد وہ درست اور پسندیدہ طریقہ ہے جسے عقل و فطرت اور معاشرے کی مسلمہ روایات تسلیم کرتی ہیں۔ اس کے عملی تقاضوں کو متعین کرنا اور ضرورت کے مطابق انھیں قانونی صورت دینا نظمِ اجتماعی کا اختیار ہے۔ چنانچہ ریاست جب فریقین کے حقوق کے تحفظ کے لیے طلاق کے اعلان، تصدیق، مصالحت اور نفاذ کا طریقہ مقرر کرتی ہے تو وہ شریعت کے کسی حکم کو تبدیل نہیں کرتی، بلکہ معروف کے تقاضوں کو ایک منظم اور قابلِ عمل صورت دیتی ہے۔

اسی دائرے میں قرآن نے اولوالامر کی اطاعت کا حکم دیا ہے:

اَطِيْعُوا اللّٰهَ وَاَطِيْعُوا الرَّسُوْلَ وَاُولِي الْاَمْرِ مِنْكُمْ

یعنی اللہ کی اطاعت کرو، رسول کی اطاعت کرو اور اپنے اولوالامر کی بھی۔ (النساء 4:59)

اس اطاعت کا تقاضا ہے کہ نظمِ اجتماعی نے اپنی حدود میں رہتے ہوئے جن معاملات میں قانون سازی کی ہے، ان میں اس کے فیصلوں کی پابندی کی جائے۔ چنانچہ طلاق کے لیے مقرر کردہ جائز قانونی طریقے کی پابندی محض شہری ذمہ داری نہیں، دینی ذمہ داری بھی ہے۔

یہاں اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ ریاست نے قانون میں کیا مقرر کیا ہے۔ اگر اس نے محض طلاق کا اندراج ضروری قرار دیا ہے تو اس کی خلاف ورزی قانون شکنی ہوگی۔ لیکن اگر اس نے طلاق کے قانونی طور پر مؤثر ہونے کو ایک مقررہ کارروائی کی تکمیل سے مشروط کر دیا ہے تو معاملہ صرف اندراج کا نہیں رہتا، بلکہ نکاح کے قانونی خاتمے کا سوال بن جاتا ہے۔

پاکستان کے مسلم فیملی لاز آرڈیننس 1961 کی دفعہ 7 میں یہی صورت اختیار کی گئی ہے۔ اس کے مطابق طلاق کے اعلان کے بعد متعلقہ چیئرمین کو تحریری نوٹس دینا ضروری ہے۔ قانون مصالحت کا اہتمام کرتا ہے اور قرار دیتا ہے کہ رجوع نہ ہونے کی صورت میں طلاق نوٹس کی وصولی سے نوے دن گزرنے کے بعد قانونی طور پر مؤثر ہوگی۔ حمل کی صورت میں ایک اضافی شرط بھی موجود ہے۔

اس بنا پر ہمارا استدلال یہ ہے کہ جب ریاست نے معروف کے تقاضوں اور فریقین کے حقوق کے تحفظ کے لیے طلاق کے نفاذ کا ایک جائز طریقہ مقرر کر دیا ہو تو اس کی تکمیل سے پہلے طلاق کو دینی اعتبار سے بھی مکمل قرار نہیں دینا چاہیے۔ اس لیے کہ یہ محض انتظامی کارروائی نہیں، بلکہ اس نظم کی پابندی کا معاملہ ہے جسے دین نے حقوق کی حفاظت کے لیے لازم کیا ہے۔

یہی اصول غیر مسلم ممالک میں بھی متعلقہ حقوق اور قانونی ذمہ داریوں کے لحاظ سے قابلِ اطلاق ہوگا۔ وہاں قانون کی پابندی کی دینی بنیاد معاہدوں کی پاس داری اور دوسرے انسانوں کے حقوق کا تحفظ ہے۔ قرآن کا حکم ہے: اَوْفُوْا بِالْعُقُوْدِ، یعنی اپنے معاہدوں کو پورا کرو۔ (المائدہ 5:1)

چنانچہ طلاق دینا فرد کا اختیار ہے، لیکن اس اختیار کے نفاذ کو ایسے جائز قانونی طریقے سے بے نیاز نہیں کیا جا سکتا جو دوسرے انسانوں کے حقوق کی حفاظت کے لیے مقرر کیا گیا ہو۔

اس پورے موقف چند ممکنہ اعتراضات کیے جا سکتے ہیں:

پہلا اعتراض یہ ہے کہ اگر رجسٹریشن کے بغیر نکاح قائم ہو جاتا ہے اور اسے زنا نہیں سمجھا جاتا تو طلاق قانونی کارروائی کے بغیر کیوں مؤثر نہیں ہو سکتی؟

اس لیے کہ نکاح کے انعقاد اور طلاق کے نفاذ کی نوعیت مختلف ہے۔ نکاح شرعی شرائط کے مطابق اعلانیہ معاہدے سے قائم ہوتا ہے اور اس کی رجسٹریشن ایک مستقل قانونی ذمہ داری ہے۔ اس ذمہ داری کی خلاف ورزی سے نکاح باطل نہیں ہوتا۔ طلاق کے معاملے میں، البتہ، ریاست نے محض اندراج نہیں، بلکہ طلاق کے قانونی طور پر مؤثر ہونے کو بھی مقررہ کارروائی سے مشروط کیا ہے۔ چنانچہ پہلے معاملے میں ایک معاہدے کا قیام زیرِ بحث ہے اور دوسرے میں اس کا خاتمہ۔ ایک صورت میں اندراج کی خلاف ورزی معاہدے کو باطل نہیں کرتی، جبکہ دوسری میں مقررہ شرائط پوری کیے بغیر معاہدہ قانونی طور پر ختم نہیں ہوتا۔

دوسرا اعتراض یہ ہے کہ حدیث میں نکاح، طلاق اور رجوع کو مذاق میں بھی مؤثر قرار دیا گیا ہے۔ کیا اس سے ثابت نہیں ہوتا کہ محض الفاظ ادا کرنے سے طلاق نافذ ہو جاتی ہے؟

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے:

ثَلَاثٌ جِدُّهُنَّ جِدٌّ وَهَزْلُهُنَّ جِدٌّ: النِّكَاحُ وَالطَّلَاقُ وَالرَّجْعَةُ۔

یعنی تین چیزیں ایسی ہیں جن میں سنجیدگی بھی سنجیدگی ہے اور مذاق بھی سنجیدگی: نکاح، طلاق اور رجوع۔ (ابو داؤد، 2194؛ ترمذی، 1184)

اس روایت کی سند کے بارے میں اہلِ علم کی رائے یہی ہے کہ یہ اگرچہ ضعیف ہے تاہم ہمارے نزدیک اس کے مفہوم کو بھی بالعموم اصل محل سے ہٹ کر سمجھا گیا ہے۔ اس کے پس منظر میں ایسے لوگوں کا ذکر ہے جو نکاح و طلاق کے اعلانات کرتے، لیکن حقوق کی ادائیگی کے وقت مذاق کا عذر پیش کر دیتے تھے۔ اس اعتبار سے روایت کا مدعا یہ ہے کہ کوئی شخص محض اس عذر سے دوسرے فریق کے حقوق اور اپنی ذمہ داریوں سے بری نہیں ہو سکتا۔ نظمِ اجتماعی کو اختیار ہے کہ متعلقہ حالات کی تحقیق کرکے اس عذر کو قبول یا رد کرے اور اپنا فیصلہ نافذ کرے۔ چنانچہ ہمارے نزدیک یہ روایت ریاست کے حقِ فیصلہ و نفاذ سے متصادم نہیں، بلکہ اسی کی تائید میں سمجھی جا سکتی ہے۔

تیسرا اعتراض یہ ہے کہ اگر طلاق کا اعلان ہو جائے، لیکن قانونی کارروائی مکمل نہ ہوئی ہو تو شرعی عدت کب شروع ہوگی؟

ہمارے استددلال کے مطابق عدت کا آغاز طلاق کے معتبر نفاذ سے ہونا چاہیے، محض اس کے اعلان سے نہیں۔ قرآن نے عدت کا حکم مطلقہ عورتوں کے لیے دیا ہے:

وَالْمُطَلَّقَاتُ يَتَرَبَّصْنَ بِاَنْفُسِهِنَّ ثَلَاثَةَ قُرُوْٓءٍ

یعنی مطلقہ عورتیں اپنے آپ کو تین قروء تک انتظار میں رکھیں۔ (البقرہ 2:228)

چنانچہ جہاں ریاست نے طلاق کے قانونی طور پر مؤثر ہونے کو ایک جائز طریقے سے مشروط کر دیا ہو، وہاں ہمارے عدت کا شمار بھی طلاق کے مؤثر ہونے کے بعد شروع ہوگا۔

خلاصہ بحث یہی ہے کہ طلاق دینا فرد کا اختیار ہے، لیکن اس حق کا استعمال شعوری فیصلے، شریعت کے مقرر کردہ احکام اور دوسرے انسانوں کے حقوق کی رعایت کا تقاضا کرتا ہے۔ ریاست انھی حقوق کی حفاظت کے لیے طلاق کے اعلان اور نفاذ کا قانونی طریقہ مقرر کرتی ہے۔ ہمارے نزدیک جب یہ مقرر کر دیا جائے تو اس کی پابندی بھی دینی ذمہ داری ہے، اور اس کی تکمیل سے پہلے طلاق کے موثر قرار نہیں دینا چاہیے۔

واللہ اعلم ۔۔۔۔

Leave a comment

Are you human? Please solve:Captcha