علمی خدمت اور مقبولیت کا فریب
دین کے علم سے وابستہ لوگوں کو جن آزمائشوں سے سابقہ پیش آتا ہے، اُن میں آج کے زمانے میں شاید سب سے بڑی آزمائش اپنی علمی حیثیت اور خدمات کے بارے میں پیدا ہونے والا وہ فریب ہے جسے انسان بعض اوقات عمر بھر پہچان نہیں پاتا۔
ابتدا میں آدمی علم کی طلب لے کر اٹھتا ہے۔ اُس کے سامنے کچھ سوال ہوتے ہیں، بعض حقائق کی جستجو ہوتی ہے اور لوگوں تک خیر کی بات پہنچانے کی خواہش ہوتی ہے۔ پھر رفتہ رفتہ اُس کی بات سنی جانے لگتی ہے، لوگ اُس کی طرف متوجہ ہوتے ہیں، شہرت بڑھتی ہے اور ذرائع ابلاغ میں اُس کی پذیرائی ہونے لگتی ہے۔ صحافی اور سماجی سرگرمیوں سے وابستہ لوگ بھی اُسے نمایاں کرنے لگتے ہیں۔ مناظرے، مکالمے، انٹرویوز اور پوڈکاسٹوں کا ایک سلسلہ قائم ہو جاتا ہے۔ اِس سارے عمل میں بسا اوقات آدمی کو احساس بھی نہیں ہوتا کہ کب علم کی خدمت کا اصل مقصد پس منظر میں چلا گیا ہے اور کب اپنی اہمیت اور اثرات کا احساس آہستہ آہستہ اُس کی شخصیت پر غالب آنے لگا ہے۔
یہاں اصل سوال صرف یہ نہیں کہ کتنے لوگوں نے ہماری بات سنی، کتنی مرتبہ ہمیں مدعو کیا گیا یا ہمارے ذریعے سے کتنے لوگوں کی اصلاح ہوئی۔ اصل سوال یہ ہے کہ اِس سارے عمل نے خود ہمارے اندر کیا تبدیلی پیدا کی ہے؟ کیا علم نے ہمیں زیادہ متواضع بنایا ہے؟ کیا حق کی طلب پہلے سے زیادہ گہری ہوئی ہے؟ کیا اختلاف کو برداشت کرنے، اپنی غلطی تسلیم کرنے اور دوسروں سے سیکھنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے؟ یا ہم رفتہ رفتہ اپنے ہی قائم کردہ تاثر کے اسیر ہوتے جا رہے ہیں؟
ذرائع ابلاغ سے استفادہ یقیناً علمی خدمت کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ اِس کے ذریعے سے علم و تحقیق کے نتائج لوگوں تک پہنچتے ہیں اور دعوت و اصلاح کے نئے امکانات پیدا ہوتے ہیں۔ لیکن اِس حقیقت کو بھی نظرانداز نہیں کرنا چاہیے کہ کسی بات کا بڑے پیمانے پر سنا جانا اُس کے علمی معیار کی دلیل نہیں ہے۔ حقیقی علمی خدمت کی قدر و قیمت کا تعین پیش کی جانے والی بات کے استدلال کی قوت، تحقیق کی سنجیدگی اور اُس خیرخواہی سے ہوتا ہے جو اِس کے پیچھے کارفرما ہوتی ہے۔
حقیقی علمی خدمت انسان کے باطن میں پیدا ہونے والی ایک سنجیدہ طلب، مسلسل محنت، بے غرض خیرخواہی اور حق کے سامنے اپنی ذات کو جھکا دینے کے حوصلے سے وجود میں آتی ہے۔ اِس کا اصل محرک اپنی ذات کو نمایاں کرنے کی خواہش نہیں، بلکہ حقیقت تک پہنچنے اور اُسے دوسروں تک پہنچانے کی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہیے۔
دین کے طالب علموں کو اِس بات سے بھی خبردار رہنا چاہیے کہ وہ لوگوں کی اصلاح کو اپنی کامیابیوں کی فہرست میں شمار کرنے لگیں۔ ہم کسی کے لیے خیر کا وسیلہ تو بن سکتے ہیں، لیکن دلوں کی تبدیلی اور ہدایت کا فیصلہ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے۔ اِس لیے دوسروں پر اپنے اثرات کا جائزہ لینے سے زیادہ ضروری یہ ہے کہ انسان وقتاً فوقتاً اپنی نیت، اپنے محرکات، اپنے کردار اور اپنے علم و عمل کا محاسبہ کرتا رہے۔
علم کی دنیا میں سب سے بڑی محرومی شاید یہی ہے کہ انسان دوسروں کی اصلاح کا یقین لیے پھرتا رہے، لیکن اپنی اصلاح کی ضرورت سے بے خبر ہو جائے۔
اللہ مجھ سمیت ہر طالب علم کو اس سے محفوظ رکھے۔
محمد حسن الیاس