Skip to content Skip to footer

دبستانِ شبلی (رجوع الی الفطرۃ کی تحریک)

” دبستانِ شبلی”

(رجوع الی الفطرۃ کی تحریک)

محمد حسن الیاس

۲۰ نومبر ۲۰۲۶ء

غامدی سینٹر آف اسلامک لرننگ، المورد امریکہ کے مرکزی ہال کی ایک دیوار پر علامہ شبلی نعمانی، علامہ اقبال، سید سلیمان ندوی، مولانا ابوالکلام آزاد، سید ابوالاعلیٰ مودودی، مولانا حمید الدین فراہی، مولانا امین احسن اصلاحی اور مولانا وحید الدین خاں کی تصویریں آویزاں ہیں۔ بعض آنے والے اِنھیں ایک ساتھ دیکھ کر حیرت کا اظہار کرتے ہیں اور یہ حیرت بے جا نہیں۔ دین اور سیاست کے تعلق، تصوف، مذہبی استدلال اور فہمِ قرآن کے متعدد مباحث میں اِن بزرگوں کے درمیان نمایاں اختلافات ہیں۔ اِن میں سے بعض کی تعبیرِ دین تو خود استاذِ مکرم جناب جاوید احمد غامدی کی تنقید کا موضوع رہی ہے۔ پھر اِن سب کو ایک علمی روایت میں جمع کرنے کی بنیاد کیا ہے؟

اِس سوال کا جواب اتفاقِ راے اور علمی نسبت کے فرق کو سمجھنے سے ملتا ہے۔ اہلِ علم کے درمیان نسبت ہمیشہ آرا کی یکسانیت سے نہیں، نقد و نظر کی مشترک روایت سے بھی قائم ہوتی ہے۔ کسی صاحبِ علم سے استفادہ محض اُس کی آرا قبول کر لینے کا نام نہیں۔ اُس کے کام سے سوال اٹھانے، دلیل کو پرکھنے اور اپنے فہم پر نظرِ ثانی کرنے کا طریقہ بھی سیکھا جاتا ہے۔ بعض اوقات یہی تربیت انسان کو اپنے استاد یا محسنِ علمی کی کسی راے سے اختلاف تک پہنچا دیتی ہے۔ ایسا اختلاف اُس سے تعلق کی نفی نہیں کرتا، بلکہ اُسی بصیرت کا نتیجہ ہوتا ہے جو اُس سے حاصل ہوئی تھی۔

غامدی صاحب نے ’’دبستانِ شبلی‘‘ کے عنوان سے اِسی نوعیت کی ایک علمی نسبت کی نشان دہی کی ہے۔ یہ نسبت کسی ایک منظم علمی جماعت، مشترک اعتقادی نظام یا تمام نتائجِ فکر میں اتفاق کی نہیں، بلکہ ایک ایسے علمی رجحان کی ہے جو مختلف اہلِ علم کے ہاں مختلف صورتوں میں ظاہر ہوا ہے۔ اِن شخصیات کے درمیان تاریخی روابط، علمی وابستگیوں اور طرزِ تحقیق میں بھی فرق ہے۔ تاہم اسلاف کے علمی سرمایے سے استفادے کے ساتھ اُن کی آرا کو اصل مآخذ اور دلیل کی روشنی میں جانچنے کا رجحان اُن کے کام میں مشترک دکھائی دیتا ہے۔

اِس علمی رویے کو سمجھنے کے لیے دین اور فہمِ دین کا امتیاز بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ قرآن مجید اللہ کا کلام ہے، لیکن اُس کی تفسیر میں کسی عالم نے جو راے قائم کی ہے، وہ اُس کی تحقیق ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی دی ہوئی شریعت واجب الاتباع ہے، لیکن کسی نئے مسئلے میں فقیہ کا استنباط اُس کا اجتہاد ہے۔ دین کی سند اور اُس کے بارے میں انسانی فہم کا درجہ ایک نہیں۔ اِسی لیے کسی عالم کی عظمت، اُس کی خدمات یا اُس سے علمی وابستگی اُس کی آرا کو تنقید سے بالاتر نہیں کر سکتی۔ اِن آرا کی صحت کا فیصلہ بہرحال دلائل کی بنیاد پر ہوگا۔

لیکن نقد و نظر کی آزادی تسلیم کر لینے کے بعد یہ سوال باقی رہتا ہے کہ انسانی فہم کی اصلاح کا معیار کیا ہوگا اور دین کے اصل مآخذ کو سمجھنے کے لیے کون سا طریقہ اختیار کیا جائے گا؟ ’’رجوع الی الفطرۃ‘‘ کی تعبیر اِسی سوال سے متعلق ہے۔ اِس کا مفہوم صرف یہ نہیں کہ دین اپنی اصل میں انسانی فطرت پر مبنی ہے، بلکہ یہ بھی ہے کہ اُس کا طریقۂ دعوت و استدلال اور اُس کی تفہیم کے لیے اختیار کیے جانے والے علمی وسائل بھی انسان کی فطری صلاحیتوں سے ہم آہنگ ہوں۔اِن تینوں کی تفصیل یہ ہے:

۱۔ دین کی ہدایت کی فطری اساس

قرآن مجید نے دین کو اُس فطرت سے وابستہ قرار دیا ہے جس پر اللہ تعالیٰ نے انسانوں کو پیدا کیا ہے۔ اُس کے نزدیک خیر و شر کی بنیادی پہچان اور اخلاقی حقائق کا شعور انسان کے اندر پہلے ہی ودیعت کر دیا گیا ہے۔ نیکی اور بدی، عدل اور ظلم، سچائی اور جھوٹ کے درمیان وہ ایک فطری امتیاز رکھتا ہے، اگرچہ ماحول، عادات اور دوسرے عوامل اِس شعور پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ پیغمبروں کی لائی ہوئی ہدایت اِسی شعور کو بیدار کرتی، اُس کی اصلاح کرتی اور اُن حقائق و احکام کی ضروری تفصیل بیان کرتی ہے جن تک انسان محض اپنی کوشش سے نہیں پہنچ سکتا۔ غامدی صاحب نے ’’میزان‘‘ کا آغاز دین کے اِسی تعارف سے کیا ہے:

’’دین اللہ تعالیٰ کی ہدایت ہے۔ اُس نے یہ ہدایت پہلے انسان کی فطرت میں الہام فرمائی اور اُس کے بعد اِس کی تمام تفصیلات کے ساتھ اپنے پیغمبروں کی وساطت سے انسان کو دی ہے”.

اِس اعتبار سے دین انسان کے لیے کوئی اجنبی چیز نہیں، بلکہ اُس ہدایت کی تذکیر ہے جس کی بنیاد اُس کے باطن میں موجود ہے۔ فطرت میں ودیعت کردہ ہدایت اور پیغمبروں کے ذریعے سے آنے والی وحی، دونوں کا سرچشمہ ایک ہے۔ پہلی انسان کے اندر حق کو پہچاننے کی بنیاد رکھتی ہے اور دوسری اُسے خدا کی طرف سے مستند رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ اِس طرح فطرت اور وحی ایک دوسرے کے مقابل نہیں آتیں، بلکہ انسان کی ہدایت میں اپنے اپنے مقام پر کارفرما ہوتی ہیں۔

۲۔ دین کا فطری طریقۂ استدلال

انسان اپنے گردوپیش کی دنیا کو عقل و شعور، مشاہدے، تجربے اور فطری ادراک کی مدد سے سمجھتا ہے۔ وہ اشیا اور واقعات کے باہمی تعلقات پر غور کرتا، معلوم حقائق سے نامعلوم نتائج تک پہنچتا اور دلائل و شواہد کی بنیاد پر کسی بات کو قبول یا رد کرتا ہے۔ قرآن مجید کا طریقۂ دعوت و استدلال بھی انسان کی اِنھی صلاحیتوں کو مخاطب بناتا ہے۔ وہ انسان کو کائنات کے مشاہدے، اُس کی اپنی تخلیق، زندگی کے تجربات اور تاریخ کے واقعات کی طرف متوجہ کرتا ہے اور اِنھی حقائق سے استدلال کرتا ہے۔

قرآن کا یہ استدلال فلسفے یا منطق کے کسی پہلے سے مرتب کردہ نظام پر موقوف نہیں۔ وہ اُن حقائق سے آغاز کرتا ہے جن سے انسان اپنے تجربے اور شعور کی بنا پر واقف ہوتا ہے اور اُن کے نتائج واضح کر کے اُسے غور و فکر کی دعوت دیتا ہے۔ اِس میں استدلال کی دقت اور عقلی تحقیق کی نفی نہیں، بلکہ اِس حقیقت کا اظہار ہے کہ حقائق تک پہنچنے کے لیے انسان کو اُنھی صلاحیتوں سے کام لینا ہوتا ہے جو اُس کی خلقت میں ودیعت کی گئی ہیں۔

اِسی طرح قرآن کی زبان بھی انسانوں کی معروف زبان ہے۔ زبان انسان کے باہمی تعامل سے وجود میں آتی اور اپنے مفاہیم حاصل کرتی ہے۔ الفاظ کے معنی اہلِ زبان کے استعمالات سے متعین ہوتے اور جملوں کا مدعا گفتگو کے سیاق، اسلوب اور موقع و محل سے واضح ہوتا ہے۔ قرآن اپنے مخاطبین سے اُنھی معروف طریقوں کے مطابق کلام کرتا ہے۔ اِس لیے اُس کا صحیح مفہوم متعین کرنے کے لیے زبان کے استعمالات، اسالیبِ بیان، نظم و سیاق اور متعلقہ شواہد کو پیشِ نظر رکھنا ہوگا۔

دین کے اصل مآخذ کو سمجھنے کا طریقہ یہی ہے کہ اُن کے مدعا تک اُن کے اپنے بیان اور استدلال سے پہنچا جائے۔ فلسفیانہ اور کلامی تحقیقات اِس عمل میں مدد دے سکتی ہیں، لیکن اُن کے ایسے مقدمات کو اصل کلام پر حاکم نہیں بنایا جا سکتا جن کی بنیاد خود انسانی تحقیق پر قائم ہو۔ اصل اہمیت اِس بات کی ہے کہ متکلم نے کیا کہا ہے، اُس کا مدعا کیا ہے اور اُس کے بیان سے کون سا نتیجہ دلیل کی بنیاد پر اخذ کیا جا سکتا ہے۔

۳۔ علوم و وسائل کا فطری مزاج

تیسرا پہلو اُن علوم اور وسائل سے متعلق ہے جو دین کو سمجھنے اور سمجھانے کے لیے وجود میں آتے ہیں۔ انسان حقائق تک رسائی اور اُن سے نتائج اخذ کرنے کے لیے اپنی فطری صلاحیتوں سے کام لیتا ہے۔ لیکن ہر شخص کے لیے تمام مسائل کا براہِ راست مطالعہ اور تحقیق ممکن نہیں ہوتی۔ اِسی ضرورت سے علوم مرتب ہوتے، اُن کے اصول متعین کیے جاتے اور تعلیم و تفہیم کے طریقے وجود میں آتے ہیں۔ اِن کا مقصد تحقیق کو زیادہ منضبط بنانا، اُس کے نتائج دوسروں تک پہنچانا اور حقائق کے فہم و ادراک میں انسان کی مدد کرنا ہے۔

اِس اعتبار سے علوم کا مزاج بھی فطری ہونا چاہیے۔ اُن کی اصطلاحات، تقسیمات اور اصول وضاحت اور تفہیم کا ذریعہ ہوں، نہ کہ ایسے مجرد تصورات، غیر ضروری منطقی موشگافیوں اور فرضی قیاسات کا مجموعہ بن جائیں جن میں اصل حقیقت نگاہوں سے اوجھل ہو جائے۔ لغت و نحو، بلاغت، اصولِ تفسیر، اصولِ حدیث اور دوسرے علوم کی افادیت اِسی میں ہے کہ وہ زبان کے معروف استعمالات، کلام کے نظم و سیاق، روایت کے شواہد اور استدلال کے صحیح طریقوں کو سمجھنے میں مدد دیں۔

علمی اصطلاحات، نظری مباحث اور استدلال کے دقیق طریقے تحقیق کی ضرورت سے وجود میں آتے ہیں۔ بعض مسائل کے فہم کے لیے خاص علمی تربیت، دقتِ نظر اور منضبط اصول ناگزیر ہوتے ہیں۔ تاہم اِن سب کی افادیت اِسی میں ہے کہ وہ حقائق کو سمجھنے اور اُن سے صحیح نتائج اخذ کرنے میں مدد دیں۔ علوم کی ترقی کا تقاضا ہے کہ معلومات میں وسعت پیدا ہو، تحقیق کے اصول زیادہ منضبط ہوں اور نتائج تک پہنچنے کے طریقے واضح تر ہوتے جائیں۔ اِس پورے عمل میں ضروری ہے کہ انسانی فہم کے اُن فطری طریقوں سے تعلق برقرار رہے جو عقل و شعور، مشاہدے، تجربے اور دلائل و شواہد پر مبنی ہیں۔

رجوع الی الفطرۃ کے اِن تینوں پہلوؤں کو سامنے رکھیں تو اسلامی علمی روایت کے مطالعے میں ایک اہم سوال پیدا ہوتا ہے۔ دین کی تفہیم کے لیے جو علوم مرتب ہوئے، کیا اُنھوں نے اپنے فطری مزاج کو برقرار رکھا اور اُن کے ذریعے سے پیدا ہونے والی تعبیرات کس حد تک اصل ہدایت کی ترجمان رہیں؟

مسلمانوں کی علمی تاریخ میں زبان، تفسیر، حدیث، فقہ اور دوسرے علوم میں غیر معمولی خدمات انجام دی گئیں۔ تحقیق کے اصول مرتب ہوئے، اختلافی مسائل پر بحث و نظر کی روایت پیدا ہوئی اور علم کا ایک وسیع سرمایہ وجود میں آیا۔ لیکن اِس کے ساتھ بعض میدانوں میں یہ صورت بھی پیش آئی کہ فہمِ دین کے لیے اختیار کیے گئے وسائل بتدریج ایسے مستقل نظری نظاموں کی شکل اختیار کرتے گئے جن کی اصطلاحات اور مقدمات کو اصل مآخذ کے فہم میں غیر معمولی اہمیت حاصل ہو گئی۔

فلسفے اور علمِ کلام کے زیرِ اثر بعض ایسے مباحث پیدا ہوئے جن میں قرآن کا فطری اسلوبِ استدلال اور انسانی فہم کے معروف طریقے پس منظر میں چلے گئے۔ بعض مقامات پر اصل کلام کو سمجھنے سے پہلے اُن علمی تصورات کو تسلیم کرنا ضروری سمجھا جانے لگا جو بعد میں اُس کی توضیح کے لیے اختیار کیے گئے تھے۔ اِس کا نتیجہ یہ نکلا کہ بعض مواقع پر اِن علوم کے مخصوص مقدمات کو دین کے اصل مآخذ کے فہم میں فیصلہ کن حیثیت حاصل ہو گئی۔ ایسی صورت میں اصلاح کا تقاضا محض بعض آرا پر نظرِ ثانی نہیں، بلکہ دین کے فطری فہم و استدلال کی بازیافت بھی تھا۔

انیسویں صدی کے برصغیر میں اِس ضرورت نے ایک نئی صورت اختیار کی۔ مسلمانوں کے سیاسی زوال، استعماری اقتدار اور مغربی علوم و تہذیب سے بڑھتے ہوئے تعارف نے دین، تاریخ اور معاشرت سے متعلق ایسے سوال پیدا کیے جن کا جواب موروثی آرا کے محض تحفظ میں نہیں تھا۔ دوسری طرف جدید تہذیب کے تصورات کو بلا تحقیق معیار بنا لینا بھی کوئی علمی حل نہ تھا۔ ضرورت ایک ایسے طریقۂ تحقیق کی تھی جو دین کے اصل مآخذ سے رہنمائی حاصل کرے اور قدیم و جدید علوم سے واقفیت کی بنیاد پر اپنے زمانے کے سوالات کا سامنا بھی کر سکے۔

اِس عہد میں مسلمانوں کے علمی و تعلیمی حلقوں میں مختلف رجحانات موجود تھے۔ بعض کی توجہ موروثی علمی روایت کے تحفظ پر زیادہ تھی اور بعض جدید مغربی علوم سے مطابقت پیدا کرنے کو ترجیح دیتے تھے۔ لیکن یہ کوئی قطعی تقسیم نہ تھی۔ اِن حلقوں کے اندر بھی تحقیق، اصلاح اور جدید تعلیم سے استفادے کی مختلف کوششیں جاری تھیں۔ علامہ شبلی نعمانی کی انفرادیت اِسی ماحول میں نمایاں ہوئی۔ اُنھوں نے قدیم علوم کی اہمیت تسلیم کی، لیکن اُن کے موروثی نتائج کو تحقیق سے بالاتر نہیں سمجھا۔ وہ جدید علوم سے استفادے کے قائل تھے، لیکن اُنھیں دین کے فہم کا آخری معیار بنانے پر بھی آمادہ نہ ہوئے۔

غامدی صاحب شبلی کے اِس رجحان کو دو اصولوں کی صورت میں بیان کرتے ہیں: دین کو سمجھنے کے لیے اُس عہد تک پہنچنے کی کوشش کی جائے جب قرآن نازل ہو رہا تھا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خود انسانوں سے مخاطب تھے؛ اور قدیم علوم کے ساتھ جدید علوم و افکار سے بھی پوری واقفیت پیدا کی جائے۔ پہلا اصول دین کو اُس کے اصل بیان اور تاریخی ماحول میں سمجھنے سے متعلق تھا، جبکہ دوسرا اپنے عہد کے علمی سوالات سے عہدہ برآ ہونے کا تقاضا کرتا تھا۔ شبلی کے کام میں یہ دونوں اصول ایک دوسرے کی تکمیل کرتے ہیں۔

روایت کا مطالعہ اور فطری استدلال

علامہ شبلی کی علمی زندگی میں اِن دونوں اصولوں کا عملی اظہار اُن کی تعلیمی، تاریخی اور تصنیفی سرگرمیوں میں ہوا۔ وہ ایک طویل مدت تک علی گڑھ سے وابستہ رہے اور سرسید احمد خاں کی علمی و تعلیمی تحریک سے استفادہ کیا، لیکن بعض مذہبی اور تعلیمی مسائل میں اُن سے اختلاف بھی رکھتے تھے۔ بعد میں ندوۃ العلماء سے اُن کی وابستگی اور نصابِ تعلیم کی اصلاح کے لیے اُن کی کوششوں میں یہی رجحان زیادہ نمایاں ہوا۔ اُن کے نزدیک مسلمانوں کی علمی تربیت نہ محض جدید مغربی تعلیم سے مکمل ہو سکتی تھی، نہ قدیم علوم کے مروجہ نصاب کو ہر اعتبار سے کافی سمجھ لینے سے۔ ضرورت دونوں علمی روایتوں سے واقفیت اور اُن کے آزادانہ و تنقیدی مطالعے کی تھی۔

شبلی کی تاریخی تصانیف میں بھی یہ رجحان نمایاں ہے۔ ’’سیرۃ النبی‘‘ کے مقدمے میں اُنھوں نے سیرت نگاری کے مصادر اور روایتوں کی تحقیق کے اصول بیان کیے۔ ’’سیرۃ النعمان‘‘ میں امام ابوحنیفہ کے علمی کام کو اُن حالات کے تناظر میں سمجھنے کی کوشش کی جن میں فقہی مسائل سامنے آئے اور اُن کے بارے میں اجتہادی آرا قائم ہوئیں۔ ’’الفاروق‘‘ میں تاریخی واقعات کو اُن کے پس منظر اور متعلقہ شواہد کی روشنی میں پرکھا۔ اِن تصانیف سے یہ حقیقت نمایاں ہوتی ہے کہ فقہ اور تاریخ کا جو سرمایہ بعد کی نسلوں کو مرتب صورت میں ملا تھا، وہ خود تحقیق اور اجتہاد کے ایک مسلسل عمل کا نتیجہ تھا۔ شبلی کی توجہ اِس سرمایے کی حفاظت کے ساتھ اُن علمی طریقوں کی بازیافت پر بھی تھی جن سے وہ وجود میں آیا تھا۔

’’علم الکلام‘‘ اور ’’الکلام‘‘ میں اُن کی یہی جستجو مذہبی استدلال کے میدان میں سامنے آئی۔ پہلی تصنیف میں اُنھوں نے کلامی فکر کے تاریخی ارتقا اور اُس کے بنیادی مباحث کا جائزہ لیا، جبکہ دوسری میں جدید علوم و افکار سے پیدا ہونے والے سوالات کے پیشِ نظر دینی عقائد کی توضیح و تائید کی کوشش کی۔ شبلی کے پیشِ نظر یہ حقیقت تھی کہ قدیم علمِ کلام کے دلائل اپنے عہد کے فلسفیانہ تصورات اور علمی سوالات کے تناظر میں مرتب ہوئے تھے۔ وہ سوالات بدل جائیں تو پرانے دلائل کی تکرار کافی نہیں رہتی۔ نئے سوال کی نوعیت اور اُس کے مقدمات کو سمجھ کر استدلال کرنا ضروری ہوتا ہے۔ اِس طرح شبلی نے ماضی کے علمی سرمایے سے استفادے کے ساتھ اپنے زمانے میں غور و فکر کی ذمہ داری کو بھی نمایاں کیا۔

اِس علمی کوشش کو مستقل بنیادیں فراہم کرنے کے لیے اُنھوں نے ’’دارالمصنفین‘‘ کا منصوبہ بنایا اور اُس کے قیام کے لیے ضروری انتظامات کیے۔ اُن کی وفات کے بعد اُن کے رفقا اور شاگردوں نے اِس منصوبے کو عملی صورت دی۔ مولانا حمید الدین فراہی اِس کے پہلے صدر اور سید سلیمان ندوی پہلے ناظم ہوئے۔ بعد میں ماہنامہ ’’معارف‘‘ علمی تحقیقات کی اشاعت کا ایک مستقل ذریعہ بن گیا۔ اِس طرح شبلی کا کام اُن کی تصانیف تک محدود نہیں رہا، بلکہ علمی تربیت اور تحقیق کی ایک روایت کی صورت میں آگے بڑھا۔

سید سلیمان ندوی نے اِس روایت کو بالخصوص تاریخ و سیرت کی تحقیق میں وسعت دی۔ ’’سیرۃ النبی‘‘ کی تکمیل میں اُنھوں نے اپنے استاد کے شروع کیے ہوئے کام کو آگے بڑھایا؛ ’’تاریخِ ارض القرآن‘‘ میں عرب کے جغرافیے، اقوام اور تہذیبی حالات کی مدد سے قرآنی بیانات کا تاریخی ماحول واضح کیا؛ اور ’’خطباتِ مدراس‘‘ میں سیرتِ نبوی کو جدید تعلیم یافتہ مخاطب کے سامنے دلائل کے ساتھ پیش کیا۔ اِن تصانیف میں واقعات کو اُن کے اصل ماحول اور متعلقہ شواہد کی روشنی میں سمجھنے کا اہتمام ہے۔ اِس زاویے سے اصل مآخذ کی طرف رجوع محض قدیم کتابوں کے حوالے جمع کرنے کا نام نہیں، بلکہ اُن تاریخی حقائق تک پہنچنے کی کوشش ہے جن کی روشنی میں اُن کے بیانات کو صحیح طور پر سمجھا جا سکے۔

سید صاحب نے حدیث و سنت کی حقیقت اور اُن کے ثبوت و نقل کے طریقوں کو بھی اپنی تحقیق کا موضوع بنایا۔ اُنھوں نے واضح کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے کسی قول یا عمل کی خبر راویوں کے واسطے سے پہنچتی ہے، جبکہ سنت کے اعمال مسلمانوں کے اجتماعی تعامل سے نسل در نسل منتقل ہوتے ہیں۔ ثبوت و نقل کا یہ امتیاز حدیث و سنت کی علمی حیثیت اور اُن سے استدلال کے اصول متعین کرنے میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ فقہ میں بھی وہ کسی ایک امام کی تمام آرا کے پابند نہ تھے، بلکہ دلائل کی بنیاد پر ترجیح دیتے تھے۔

مولانا ابوالکلام آزاد کے ہاں یہ رجحان فہمِ قرآن اور اُس کے طریقۂ استدلال میں نمایاں ہوا۔ وہ نوجوانی میں علامہ شبلی کی دعوت پر ندوۃ العلماء کے رسالے ’’الندوہ‘‘ سے وابستہ ہوئے تھے۔ ’’ترجمان القرآن‘‘ میں اُنھوں نے قرآن کی ہدایت کو بعد کی کلامی و فلسفیانہ تعبیرات کے بجاے اُس کی اپنی زبان، اسلوب اور ابتدائی مخاطبین کے ماحول میں سمجھنے کی کوشش کی۔ اُن کی توجہ بالخصوص اِس بات پر تھی کہ قرآن اپنے مدعا کے لیے کس نوعیت کے دلائل پیش کرتا ہے۔ وہ کسی مجرد فلسفیانہ نظام سے استدلال شروع نہیں کرتا، بلکہ انسان کے مشاہدے، تجربے اور اُس کے اندر موجود عقلی و اخلاقی شعور کو مخاطب بناتا ہے۔

مولانا آزاد نے اِس فکر کو تفسیر تک محدود نہیں رکھا۔ ’’تذکرہ‘‘ میں اسلامی تاریخ کے علمی و اصلاحی رجحانات، اور ’’الہلال‘‘ و ’’البلاغ‘‘ میں مسلمانوں کی فکری و اجتماعی بیداری اُن کی توجہ کا موضوع بنی۔ اُن کے نزدیک قرآن سے وابستگی کا تقاضا یہ بھی تھا کہ اُس کی ہدایت کو اپنے زمانے کے زندہ سوالات سے مربوط کیا جائے۔ اِس اعتبار سے ماضی کی علمی تعبیرات پر نظرِ ثانی اور اپنے عہد کی فکری و اجتماعی اصلاح اُن کے ہاں ایک ہی علمی کوشش کے دو پہلو تھے۔

علامہ اقبال نے اِسی مسئلے کو جدید فلسفے، انسانی تجربے اور اجتہاد کے تناظر میں اٹھایا۔ ’’تشکیلِ جدید الٰہیاتِ اسلامیہ‘‘ کے خطبات میں اُن کے سامنے بنیادی سوال یہ تھا کہ انسانی علم میں اضافے اور فلسفیانہ تصورات میں تبدیلی کے بعد دینی فکر اپنی اصل سے منقطع ہوئے بغیر کس طرح آگے بڑھ سکتی ہے۔ اُنھوں نے قدیم علمِ کلام کے مقدمات کو آخری سند ماننے کے بجاے جدید فکر سے پیدا ہونے والے سوالات کو سنجیدگی سے لیا۔ اجتہاد کو اسلامی قانون میں حرکت کا اصول قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ماضی کے فقہی سرمایے سے استفادہ نئے حالات میں غور و فکر کی ذمہ داری ختم نہیں کر دیتا۔

روحانی تجربے کے باب میں بھی اقبال نے نقد و نظر کی اہمیت واضح کی۔ اُن کے نزدیک ختمِ نبوت کا ایک تقاضا یہ ہے کہ کسی شخص کے باطنی تجربے کو ایسی مذہبی سند حاصل نہیں ہو سکتی جو تحقیق و تنقید سے بالاتر ہو۔ اِس طرح اُن کی فکر میں عقل و تجربے کی آزادی اور مذہبی استدلال کی تجدید ایک دوسرے سے مربوط ہو جاتی ہیں۔

تعبیرات کی تشکیل اور اُن پر نقد و نظر

سید ابوالاعلیٰ مودودی نے قرآن کے بنیادی تصورات اور انسانی زندگی کے اجتماعی پہلوؤں کو اپنی تحقیق کا خاص موضوع بنایا۔ اُن کی رائے تھی کہ الٰہ، رب، عبادت اور دین جیسے الفاظ کی معنوی وسعت بعد کے مذہبی استعمالات میں پوری طرح محفوظ نہیں رہی، جس سے قرآن کی دعوت کو سمجھنے پر اثر پڑا ہے۔ ’’قرآن کی چار بنیادی اصطلاحیں‘‘ میں اُنھوں نے خود قرآن کے بیانات کی روشنی میں اِن الفاظ کے مفاہیم کا ازسرِنو جائزہ لیا اور اپنی تحقیق کے مطابق اُن کے اصل مدعا کو واضح کرنے کی کوشش کی۔ اِس سے بندگی، اطاعت اور اجتماعی زندگی کے درمیان جو تعلق اُن کے سامنے آیا، اُسے اُنھوں نے ’’تفہیم القرآن‘‘ اور دوسری تصانیف میں دین کی ایک جامع تعبیر کی صورت میں پیش کیا۔

مولانا مودودی کی اِس کوشش میں رائج مذہبی مفاہیم کو قرآن کی زبان سے پرکھنے کا رجحان نمایاں تھا۔ تاہم اصل مآخذ کی طرف رجوع کا اصول اختیار کر لینے سے اُس کی بنیاد پر اخذ کیے گئے تمام نتائج کی صحت لازم نہیں آتی۔ مولانا نے دین کے اجتماعی تقاضوں اور سیاسی اقتدار کے درمیان جو تعلق قائم کیا، وہ خود بھی نقد و نظر کا موضوع بنا۔ بنیادی سوال یہ تھا کہ دین کی اجتماعی ہدایات سے کیا یہ نتیجہ بھی نکلتا ہے کہ سیاسی اقتدار کا حصول اُس کی دعوت میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے؟ یہ محض کسی ایک حکم کی تعبیر کا نہیں، بلکہ دین کے مقصد اور اُس کے اجتماعی تقاضوں کے باہمی تعلق کا سوال تھا۔ مولانا نے اپنے پیش روؤں کی تعبیرات کو جس معیار پر پرکھا تھا، اُن کی اپنی تعبیر بھی اُس سے مستثنیٰ نہیں ہو سکتی تھی۔

چنانچہ مولانا وحید الدین خاں کے ہاں اِسی اصول کا ایک نمایاں اطلاق سامنے آیا۔ وہ ایک مدت تک مولانا مودودی کی تحریروں سے متاثر اور جماعتِ اسلامی سے وابستہ رہے۔ لیکن قرآن کے مطالعے اور پیغمبروں کی دعوت کی نوعیت پر غور و فکر نے اُنھیں ایک مختلف نتیجے تک پہنچایا۔ ’’تعبیر کی غلطی‘‘ میں اُنھوں نے مولانا مودودی کی سیاسی تعبیر پر تنقید کرتے ہوئے یہ سوال اٹھایا کہ دین میں سیاست کی اہمیت تسلیم کرنے سے کیا یہ بھی لازم آتا ہے کہ سیاسی اقتدار کے قیام کو اُس کی دعوت کا بنیادی مقصد قرار دیا جائے؟ اُن کے نزدیک پیغمبروں کی دعوت کا اصل تعلق انسان کے ایمان، خدا سے اُس کے رشتے اور آخرت میں اُس کی جواب دہی سے ہے۔ اجتماعی زندگی کے لیے دین کی ہدایات اپنی جگہ، لیکن سیاسی اقتدار کو دعوت کا مرکزی مقصد قرار دینے کے لیے قرآن ہی سے مستقل دلیل فراہم کرنا ہوگی۔ اِس طرح مولانا وحید الدین خاں نے جس صاحبِ علم سے استفادہ کیا تھا، اُسی کی تعبیر کو دلیل کی بنیاد پر جانچا اور اُس سے اختلاف کی ایک مستقل راہ اختیار کی۔

مولانا وحید الدین خاں کے مذہبی استدلال اور دعوتی اسلوب میں بھی رجوع الی الفطرۃ کا رجحان نمایاں ہے۔ ’’مذہب اور جدید چیلنج‘‘ میں اُنھوں نے خدا، نبوت اور آخرت سے متعلق سوالات کو جدید ذہن کے سامنے عقلی دلائل سے واضح کرنے کی کوشش کی۔ اُن کے نزدیک انسانی علم براہِ راست مشاہدے تک محدود نہیں۔ انسان معلوم حقائق اور محسوس آثار کی بنیاد پر اُن حقائق تک بھی پہنچتا ہے جو براہِ راست مشاہدے میں نہیں آتے۔ کائنات کے نظم اور زندگی کے مظاہر سے معرفتِ خدا کا استدلال اُنھوں نے اِسی اصول پر قائم کیا۔ اِس طرح مذہبی حقائق کی توضیح میں اُنھوں نے انسان کی اُنھی عقلی صلاحیتوں کو بروے کار لانے کی کوشش کی جن سے وہ زندگی کے دوسرے معاملات میں نتائج اخذ کرتا ہے۔

مولانا کی علمی خدمت مذہبی عقائد کے دفاع اور سیاسی تعبیر کی تنقید تک محدود نہیں رہی۔ اُنھوں نے انسان کی عملی زندگی، اُس کے نفسیاتی تجربات اور اخلاقی تربیت کو بھی اپنی تحریروں کا مستقل موضوع بنایا۔ ’’الرسالہ‘‘، ’’رازِ حیات‘‘ اور دوسری تصانیف میں وہ زندگی کے واقعات اور انسانی تجربات سے ایسے نتائج اخذ کرتے ہیں جو انسان کے اندر حقیقت پسندی، صبر اور عمل کا حوصلہ پیدا کرتے ہیں۔ اُن کی توجہ اِس بات پر تھی کہ انسان مشکلات اور ناموافق حالات کا سامنا جذباتی ردِعمل کے بجاے صحیح شعور اور حقیقت کے ادراک سے کرے اور اُن کے اندر عمل کے امکانات تلاش کرے۔ اُن کی تحریروں کا ایک نمایاں وصف یہ ہے کہ وہ مذہبی حقائق کو مجرد مباحث تک محدود نہیں رکھتے، بلکہ اُنھیں انسان کی روزمرہ زندگی، اُس کے باطنی احساسات اور اخلاقی و نفسیاتی مسائل سے مربوط کرتے ہیں۔ اِس اعتبار سے اُن کا دعوتی ادب محض مذہبی معلومات فراہم نہیں کرتا، بلکہ انسان کے اندر غور و فکر اور حقیقت شناسی کا رجحان پیدا کرنے کی کوشش بھی کرتا ہے۔

مولانا وحید الدین خاں نے ’’مدرسۃ الاصلاح‘‘ میں تعلیم حاصل کی تھی اور مولانا امین احسن اصلاحی سے بھی استفادہ کیا تھا۔ غامدی صاحب نے اقبال، ابوالکلام، ابوالاعلیٰ اور مدرسۂ فراہی کے ائمہ و اکابر کے مابین اُن کی حیثیت کو ’برزخ‘ سے تعبیر کیا ہے۔

رجوع الی الفطرۃ سے ایک مربوط نظامِ فکر تک

اِن تمام اہلِ علم کی کوششوں میں اصل مآخذ کی طرف رجوع اور رائج تعبیرات پر نظرِ ثانی کا رجحان نمایاں ہے۔ لیکن قرآن کو آخری سند تسلیم کر لینے سے یہ طے نہیں ہو جاتا کہ اُس کے کسی خاص مقام کا صحیح مدعا کیا ہے۔ ایک ہی آیت سے مختلف، بلکہ بعض اوقات متعارض نتائج اخذ کیے جاتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ جب کسی لفظ کے کئی معنی ہوں یا ایک عبارت میں ایک سے زیادہ احتمالات پیدا ہوں تو ترجیح کس بنیاد پر دی جائے؟ اِس کے لیے محض اصل مآخذ کی طرف رجوع کی دعوت کافی نہیں، ایک ایسا منضبط طریقہ بھی ضروری ہے جس میں معنی کے تعین کا معیار خود کلام سے حاصل ہو۔

مولانا حمید الدین فراہی نے اِسی مسئلے کو اپنی تحقیق کا مرکزی موضوع بنایا۔ وہ شبلی کے معاصر اور اُن سے استفادہ کرنے والے عالم تھے۔ اُن کے نزدیک قرآن ایک مربوط کلام ہے جس کی ہر سورہ اپنے مرکزی مضمون، یعنی ’عمود‘، کے گرد ایک مستقل وحدت کی صورت میں منظم ہے۔ اُس کی آیات باہم مربوط ہو کر اپنا مدعا واضح کرتی ہیں۔ چنانچہ کسی لفظ یا آیت کا مفہوم اُس گفتگو سے الگ کر کے متعین نہیں کیا جا سکتا جس کا وہ حصہ ہے۔

لغت، نحو، بلاغت اور سیاق کی اہمیت پہلے سے مسلم تھی اور نظمِ قرآن کی طرف توجہ بھی نئی نہ تھی۔ فراہی کی اصل خدمت یہ ہے کہ اُنھوں نے نظم کو محض حسنِ کلام یا تفسیر کا ضمنی قرینہ نہیں رہنے دیا، بلکہ اُسے تعیینِ معنی کا بنیادی اصول بنا دیا۔ کسی لفظ کے کئی لغوی معنی ہوں تو خاص مقام پر وہی معنی اختیار کیا جائے گا جس کی تائید جملوں کے باہمی تعلق، اسلوبِ بیان اور سورہ کے عمود سے ہوتی ہو۔ خود عمود بھی مفسر کے ذوق یا تاثر سے نہیں، سورہ کے تمام اجزا کے باہمی ربط سے ثابت ہوگا۔ یوں تفسیر کے نتائج کے ساتھ اُن تک پہنچنے کا طریقہ بھی دلیل کی کسوٹی پر آ گیا۔

یہ منہج انسانی فہم کے اُسی فطری طریقے سے ہم آہنگ ہے جس کے مطابق کسی گفتگو کا مدعا اُس کے الفاظ، سیاق اور نظم سے سمجھا جاتا ہے۔ فراہی نے اِسی اصول کو فہمِ قرآن میں منضبط صورت دی۔ عربی زبان و ادب، تاریخ، روایات اور سابقہ آسمانی صحائف اُن کے ہاں معاون شواہد تھے، قرآن کے اپنے بیان پر حاکم نہیں۔ اِس طرح اصل مآخذ کی طرف رجوع ایک عمومی دعوت کے بجاے تحقیق کا متعین طریقہ بن گیا۔ غامدی صاحب نے اِسی بنا پر مولانا فراہی کو اِس دبستان کا ’امام العصر‘ قرار دیا ہے۔

مولانا فراہی کے شاگرد مولانا امین احسن اصلاحی نے اُن کے دریافت کردہ اصولِ نظم کو ’’تدبرِ قرآن‘‘ میں پورے قرآن کی تفسیر پر منطبق کیا۔ اُنھوں نے ہر سورہ کے عمود، آیات کے باہمی ربط اور سورتوں کی مناسبت کو تعیینِ معنی کی بنیاد بنایا۔ اِس تفسیر کا نمایاں امتیاز یہ ہے کہ قاری کے سامنے محض نتائج نہیں، اُن کے دلائل بھی آتے ہیں۔ کسی لفظ کا ایک خاص معنی کیوں اختیار کیا گیا، آیت کا اپنے سابق و لاحق سے کیا تعلق ہے اور ایک تعبیر کو دوسری پر کس بنیاد پر ترجیح دی گئی ہے، اِن سوالات کے جواب خود کلام کی شہادت سے فراہم کیے جاتے ہیں۔ اِس طرح مولانا فراہی کے اصول کو مولانا اصلاحی نے ایک جامع تفسیری کاوش کی صورت دے دی۔

اُن کی تحقیق تفسیر تک محدود نہیں رہی۔ ’’مبادیِ تدبرِ حدیث‘‘ میں اُنھوں نے روایت کی سند کے ساتھ اُس کے متن، زبان، موقع و محل اور متعلقہ شواہد کو بھی فہمِ حدیث میں اہمیت دی۔ سنت کے اجتماعی عملی انتقال اور انفرادی روایات کے ثبوت میں فرق کو ملحوظ رکھا اور احادیث کا مدعا قرآن و سنت کی روشنی میں سمجھنے پر زور دیا۔ ’’تزکیۂ نفس‘‘ میں اُنھوں نے انسان کی اخلاقی و روحانی اصلاح کے اُن طریقوں کو موضوع بنایا جو پیغمبروں کی تعلیمات سے ثابت ہیں۔ بعد کے بعض فلسفیانہ اور صوفیانہ تصورات کے مقابل قرآن کے بیان کردہ تصورِ تزکیہ کو نمایاں کیا۔ یوں اصل ہدایت کی طرف رجوع کا یہ منہج تفسیر سے آگے بڑھ کر حدیث، سنت اور تزکیے کے مباحث میں بھی کارفرما ہوا۔

استاذِ مکرم جناب جاوید احمد غامدی مولانا اصلاحی کے شاگرد ہیں اور مولانا مودودی سے بھی اُنھوں نے استفادہ کیا ہے۔ اُن کے علمی کام کا نمایاں امتیاز یہ ہے کہ اُنھوں نے اِن تحقیقات کی روشنی میں دین کی ایک جامع اور مربوط تعبیر پیش کی۔ ’’میزان‘‘ میں ایمانیات، اخلاقیات اور شریعت کی توضیح کی، جبکہ ’’البیان‘‘ میں اپنے تفسیری منہج کا پورے قرآن پر اطلاق کیا۔ اُن کے اِس علمی منصوبے کی بنیاد چار سوالات پر قائم ہے: دین کے مآخذ کیا ہیں، اُن کا ثبوت کس طرح واقع ہوتا ہے، اُن کا مدعا کن اصولوں سے متعین ہوگا اور اُن سے ثابت ہونے والے احکام کا دائرۂ اطلاق کیا ہے؟

مآخذ کے باب میں غامدی صاحب قرآن کو میزان و فرقان اور تمام سلسلۂ وحی پر ’مُہَیْمِن‘ قرار دیتے ہیں۔ اُن کے نزدیک قرآن کا متن امت کے اجماع اور تواتر سے ثابت ہے اور اُس کا مدعا زبان و بیان کے اصولوں سے متعین کیا جا سکتا ہے۔ وہ اِسی معنی میں قرآن کو قطعی الدلالہ کہتے ہیں۔محکم و متشابہ کے بارے میں بھی اُن کا موقف یہی ہے کہ بعض غیبی حقائق کی اصل کیفیت انسانی علم سے ماورا ہو سکتی ہے، لیکن تمثیل و تشبیہ کے اسلوب میں اُن کے متعلق جو بات کہی گئی ہے، اُس کا مدعا مکمل طور پرقابل فہم ہے۔ اِس بنا پر قرآن کے بیان کو کسی فلسفیانہ، کلامی یا فقہی تعبیر کے تابع نہیں کیا جا سکتا۔

دین کے ثبوت کے معاملے میں غامدی صاحب قرآن، سنت اور حدیث کی الگ الگ حیثیت متعین کرتے ہیں۔ اُن کے نزدیک سنت دینِ ابراہیمی کی وہ روایت ہے جسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تجدید و اصلاح اور بعض اضافوں کے ساتھ اپنے ماننے والوں میں دین کی حیثیت سے جاری فرمایا۔ اِس اعتبار سے سنت قرآن سے مقدم ہے۔اُن کے نزدیک قرآن صحابۂ کرام کے اجماع اور قولی تواتر سے منتقل ہوا ہے، جبکہ سنت اُن کے اجماع اور عملی تواتر سے۔ دونوں دین کے قطعی مآخذ ہیں۔

حدیث کی نوعیت اِس سے مختلف ہے۔ یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے علم و عمل کی تاریخی روایات ہیں، جن میں قرآن و سنت سے ثابت دین کی شرح و توضیح، اُس کے اطلاقات و مضمرات اور آپ کا اسوۂ حسنہ نقل ہوا ہے۔ غامدی صاحب کے نزدیک اِن روایات کی بنیاد پر دین میں کسی نئے مستقل عقیدے یا عمل کا اضافہ نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم کسی روایت میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا کوئی دینی حکم یا فیصلہ نقل ہوا ہو اور اُس کے ثبوت پر اطمینان ہو جائے تو اُس کی اطاعت لازم ہے۔ اِس طرح وہ دین کے قطعی مآخذ اور اُن کے بارے میں منقول تاریخی روایات کی علمی حیثیت میں فرق واضح کرتے ہیں۔

فہم و اطلاق کے باب میں غامدی صاحب مدرسۂ فراہی کے منہج کو مزید وضاحت کے ساتھ بروے کار لائے ہیں۔ اُن کے نزدیک قرآن کے الفاظ اور نظم کے ساتھ مخاطب، موقع و محل اور مقصدِ کلام کو پیشِ نظر رکھنا بھی ضروری ہے۔ اِس سے نہ صرف آیت کا مفہوم واضح ہوتا ہے، بلکہ حکم کی نوعیت اور دائرۂ اطلاق بھی متعین ہوتا ہے کہ وہ شریعت کی عمومی ہدایت ہے، کسی خاص صورتِ حال سے متعلق ہے یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خصوصی ماموریت کا کوئی حکم ہے۔ اِسی تناظر میں وہ شریعت اور فقہ میں بھی فرق کرتے ہیں۔ شریعت خدا اور اُس کے رسول کی دی ہوئی ہدایت ہے، جبکہ فقہ اُس کے فہم اور نئے حالات میں اطلاق کے لیے اہلِ علم کا اجتہاد ہے۔ پہلی واجب الاتباع ہے اور دوسری نقد و نظر کا موضوع۔

اِس منہج کے نتائج میں قرآن کے بیان کردہ سننِ الٰہی، بالخصوص قانونِ اتمامِ حجت کی تعیین خاص اہمیت رکھتی ہے۔ غامدی صاحب کے نزدیک اللہ تعالیٰ اپنے رسولوں کے ذریعے سے اُن کے براہِ راست مخاطبین پر حق پوری طرح واضح کر دینے کے بعد اُن کے بارے میں ایک مخصوص سنت کے مطابق فیصلہ نافذ کرتا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد میں اِس قانون کے تحت جو احکام دیے گئے، اُن سے بعد کی مسلمان حکومتوں کے لیے وہی اختیار ثابت نہیں ہوتا۔ جہاد و قتال اور جزیے کے بعض احکام سے متعلق اُن کے نتائج اِسی اصول پر مبنی ہیں۔

اِس طرح غامدی صاحب کی علمی خدمت بعض مسائل میں اختلاف یا رائج تعبیرات پر تنقید تک محدود نہیں رہتی۔ اُنھوں نے مآخذِ دین، اُن کے ثبوت، فہم اور اطلاق کے اصولوں کو ایک دوسرے سے مربوط کر کے دین کی جامع توضیح پیش کی ہے۔

اِس پورے پس منظر میں شبلی سے لے استاد مکرم جاوہد احمد غامدی صاحب تک کی علمی روایت کے مختلف مراحل واضح ہو جاتے ہیں۔

اِس لحاظ سے غامدی سینٹر کی دیوار پر آویزاں یہ تصویریں آرا کی یکسانیت کی نہیں، ایک علمی روایت کی یادگار ہیں۔ اِن بزرگوں نے اپنے اپنے عہد میں دین کے اصل مآخذ کی طرف رجوع کیا، رائج تعبیرات پر سوال اٹھائے اور اپنے زمانے کے علمی مسائل کا جواب تلاش کرنے کی کوشش کی۔ اُن کی قدر شناسی کا تقاضا یہ نہیں کہ اُن کے نتائج کو آخری سند مان لیا جائے، بلکہ یہ ہے کہ جس آزادی اور جستجو سے اُن کی تحقیقات وجود میں آئیں، وہ اُن کے بعد بھی باقی رہے۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ جن لوگوں سے ہم نے سوال کرنا سیکھا تھا، اُنھی کے نام پر سوال کا دروازہ بند کر بیٹھیں۔

Leave a comment

Are you human? Please solve:Captcha